وزیراعظم کا ایئرپورٹس پرسمارٹ سکینرز نصب کرنے کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے ائیر پورٹس پر مسافروں کو بلاوجہ تنگ کرنے پر پابندی عائد کر دی۔ ایئرپورٹس پرسمارٹ سکینرز نصب کرنے کا حکم دیدیا۔

وزیراعظم نے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر مسافروں کو درپیش مشکلات ختم کرنے اور سفر کو آسان بنانے کے لیے فوری اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم نے ایئرپورٹس پر جدید سمارٹ سکینرز فوری نصب کرنے اور مسافروں کے سامان کی جانچ کے لیے روایتی طریقہ کار ختم کرکے خودکار نظام متعارف کرانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سمارٹ سکینرز فوری طور پر فضائی راستے سے پاکستان منگوائے جائیں اور ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر نصب کیے جائیں تاکہ سامان کی جانچ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جا سکے اور مسافروں کو غیر ضروری پوچھ گچھ اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں کسٹمز کے نظام کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور ملک کے دیگر مقامات پر سامان کی آمدورفت، کسٹمز کی نگرانی اور سمگلنگ کی روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کے سامان کی جانچ کے لیے فرسودہ طریقہ کار ترک کرنا ہوگا اور بین الاقوامی معیار کے مطابق خودکار نظام اپنانا ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ مسافروں کی سہولت اور آرام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی مسافروں کو بلاوجہ تنگ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

وزیراعظم نے کسٹمز حکام کو مسافروں سے غیر ضروری پوچھ گچھ کرنے سے روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جدید سمارٹ سکینرز کے ذریعے سامان کی جانچ کی جائے، تاکہ مسافروں کو بار بار سوالات اور غیر ضروری کارروائیوں سے بچایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر رائج جدید نظام اپنانا ضروری ہے۔

Back to top button