پی ٹی آئی کو اپنے لیے راستہ خود نکالنا پڑے گا : شوکت یوسفزئی

سینئر رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی کا کہنا ہےکہ ہماری لیے سیاسی گنجائش کہیں نہیں چھوڑی گئی،پارٹی کو اپنے لیے راستہ خود ہی نکالنا پڑے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ نےکہا کہ ثبوت نہ ہوں تو الزام نہیں لگانا چاہیے لیکن خیبرپختونخوا میں الزامات پر ہماری حکومت ہی ختم کردی گئی۔
رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی نے کہاکہ میں نہیں سمجھتاکہ گورنر راج زیادہ مدت تک چل سکتا ہے،یہ کس کھاتے میں سڑکوں کا افتتاح کر رہےہیں؟ یہ پی ٹی آئی کو ختم کرنے کا ایجنڈا بھی ساتھ لائے ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے کہاکہ ہماری لیے سیاسی گنجائش کہیں نہیں چھوڑی گئی،ہم سب کے خلاف تھری ایم او سمیت دیگر کیسز ہیں،کل ہائی کورٹ کو بھی ہمارے کیسز سننے سے روک دیاگیا ہے، یہ افسوسناک ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ ہمارے زیادہ تر لیڈرز جیلوں میں ہیں،جو رہ گئے ہیں ان کےخلاف بھی کیسز ہیں،پارلیمنٹ میں ہم موجود ہیں،پارلیمانی کمیٹیوں میں ہمیں جانا چاہیے،پی ٹی آئی کو اپنے لیے راستہ خود ہی نکالنا پڑےگا، سیاسی سپیس کسی کے سہارے نہیں ملے گا۔
شوکت یوسفزئی نےکہا کہ ہم نے مولانا فضل الرحمان کو کنٹینر پر آنےکی دعوت دی تھی،لگ یہی رہاہے کہ حکومت اور جے یوآئی (ف) میں تھوڑی دیر کےلیے تلخیاں ہوں گی،پھر دھول بیٹھ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات ہونا اچھی بات ہے،کیسز سے متعلق مشاورت ہوجاتی ہے۔
