لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر ، ایئر کوالٹی انڈیکس 458 پر پہنچ گیا

 

 

 

لاہور میں فضائی آلودگی نے خطرناک صورت حال اختیار کرلی ہے، شہر عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا۔صبح کے اوقات میں ایئر کوالٹی انڈیکس 458 ریکارڈ کیا گیا، جب کہ شہر کے بعض علاقوں میں آلودگی کی سطح 600 سے بھی تجاوز کرگئی۔

آلودہ ترین شہروں سے متعلق عالمی ادارے آئی کیو ایئر کی فہرست میں بھارتی دارالحکومت دہلی 213 اور کولکتہ 193 اے آئی کیو کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

محکمہ تحفظ ماحول پنجاب (ای پی اے) کے اعداد و شمار کےمطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی فضائی آلودگی کی سطح انتہائی بلندرہی۔برکی روڈ کا اے کیو آئی 609،علامہ اقبال ٹاؤن کا 583 اور ماڈل ٹاؤن کا 447 ریکارڈ کیا گیا، جب کہ ڈیفنس فیز 5 میں 312 اور عسکری 10 میں 223 رہا۔

ای پی اے حکام کےمطابق درجہ حرارت میں کمی اور ہوا کی رفتار کم ہونے کےباعث شہر میں فضائی آلودگی کی سطح میں عارضی اضافہ ہوا ہے۔

دوسری جانب پنجاب بھر میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کےلیے گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران کارروائیاں جاری رہیں۔حکام نے 328 صنعتی یونٹس اور 543 بھٹوں کا معائنہ کیا،خلاف ورزیوں پر 11 صنعتی یونٹس سیل اور 4 بھٹے مسمار کردیے گئے جبکہ 11 مقدمات بھی درج کیے گئے۔

حکام کےمطابق ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر صنعتی یونٹس کو مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے جب کہ بھٹوں کے مالکان کو 20 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ کیاگیا۔

کارروائیوں کے دوران صوبے بھر سے غیرمعیاری پلاسٹک کے 726 کلوگرام سامان کو بھی قبضے میں لیاگیا جب کہ 4 مقامات سیل کرکے 65 ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کسانوں سے فصلوں کی باقیات نہ جلانے کی اپیل کرتےہوئے شہریوں کو بھی کوڑا کرکٹ اور پلاسٹک جلانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔ ان کاکہنا تھاکہ ایسے اقدامات فضائی آلودگی میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔

 

 

 

Back to top button