پی ٹی آئی کے سب سے بڑے دشمن بیرون ملک بیٹھے یوٹیوبرز ہیں: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ بیرون ملک بیٹھے مفت خور یوٹیوبرز درحقیقت پی ٹی آئی کے سب سےبڑے دشمن ہیں۔ اس پوری پارٹی کو انہی یوٹیوبرز نے برباد کرکے رکھ دیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ تمام یوٹیوبرز باہر محفوظ بیٹھ کر نوٹ چھاپ رہےہیں، جب کہ ان کی منفی اور اشتعال انگیز پوسٹس کا خمیازہ اور قیمت پاکستان کے اندر پی ٹی آئی کو چکانی پڑتی ہے۔
پی ٹی آئی کو اندر سے ڈسنے والے’’سانپ اور سنپولے‘‘ کون؟
خواجہ آصف نے کہاکہ ایسی صورت حال پہلےکبھی نہیں دیکھی کہ جس شخص کی حمایت کے دعوے کیے جارہے ہوں،اُسی کی آزمائشوں اور مشکلات کو بیچ کر ڈالرز کمائے جارہے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جب پی ٹی آئی کی حکومت تھی تب تو ان یوٹیوبرز کی عید تھی ہی،لیکن آج پی ٹی آئی اقتدار میں نہیں ہےتب بھی حسبِ معمول ان کی جیبیں بھررہی ہیں،اس پوری جماعت کو انہی یوٹیوبرز نے برباد کرکے رکھ دیا ہے۔
