چین میں جراسک دور کےممالیہ نما جانور کی دریافت

چینی سائنسدانوں کی قیادت میں بین الاقوامی ٹیم نے شمال مشرقی چین سے 160 ملین سال پرانا جراسک دور کا سب سے بڑا ڈوکوڈونٹ فوسل دریافت کر کے ممالیہ کی تنوع کے نئے ابواب کھول دیے ہیں۔
سائنسدانوں نے چین کی تاریخی جراسک چٹانوں سے ایک انتہائی نایاب اور اہم فوسل دریافت کیا ہے جو دورِ قدیم کے ممالیہ نما جانوروں کی زندگی، سائز اور عادتوں سے متعلق معلومات میں انقلابی اضافہ کر رہا ہے۔
دریافت کی جانے والی نئی نوع کومیگاکوئڈا سنگئی کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا فوسل نمونہ شمالی چین کے علاقے اندرونی منگولیا کے قصبے ننگ چینگ سے ملا ہے۔
یہ جانور اب تک دریافت ہونے والا سب سے بڑا ڈوکوڈونٹ ممالیہ نما شمار ہو رہا ہے۔ اس کی کل لمبائی تقریباً 52 سینٹی میٹر اور وزن کا اندازہ 2 کلوگرام لگایا گیا ہے۔
فوسل میں اس کی کھوپڑی واضح طور پر محفوظ ہے، دھڑ مضبوط ہے جبکہ اس کی سب سے نمایاں خصوصیت ایک غیر معمولی طور پر لمبی اور مڑی ہوئی دم ہے۔
