ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارت تک محدود نہیں ہونا چاہیے، شہباز شریف
وزیراعظم کا دو سال میں ملک بھر کے 5 لاکھ ہونہار طلبہ کو کروم بکس، انٹرنیٹ اور دیگر تعلیمی سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ذہانت اور قابلیت کو غربت یا امارت کی بنیاد پر محدود نہیں ہونا چاہیے۔ ہونہار طلبہ کو بااختیار بنانے کے لیے ایک عظیم سفر کا آغاز کر رہے ہیں، جبکہ ماضی میں نواز شریف کی قیادت میں 6 لاکھ طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے تھے۔
کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ملک بھر کے اسکولوں اور مدارس کے 5 لاکھ ہونہار طلبہ و طالبات کو کروم بکس اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے غیرملکی مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان مہمانوں کی تقریب میں شرکت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی کوششوں کے لیے اہم ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوکر طلبہ و طالبات پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے جتنے وسائل درکار ہوں گے، وہ فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم ایسی دولت ہے جسے کوئی چوری نہیں کرسکتا اور یہی انسان کو معاشرے میں ممتاز مقام دلاتی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ دو سال کے دوران 5 لاکھ طلبہ تک کروم بکس پہنچائی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ آلات تعلیمی اداروں اور مدارس کے طلبہ و طالبات میں صرف قابلیت اور محنت کی بنیاد پر تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ انہیں کروم بکس اور کتابیں رکھنے کے لیے بیگ اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے والے مائی فائی آلات بھی دیے جا رہے ہیں۔
شہباز شریف کے مطابق ان سہولتوں کی مدد سے طلبہ گھر بیٹھ کر بھی ای لائبریری سے استفادہ کرسکیں گے اور دنیا میں کہیں بھی رہتے ہوئے کروم بکس کے ذریعے علم حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھ سکیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جدید تعلیمی آلات کی مدد سے طلبہ مستقبل میں نمایاں مقام حاصل کریں گے اور اپنی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنا سکیں گے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے سابقہ دورِ حکومت میں نواز شریف کی قیادت میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ملک بھر کے 6 لاکھ نوجوانوں کو قابلیت اور میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ فراہم کیے گئے تھے۔
اس تقریب کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بتایا تھا کہ پروگرام میں شرکت کے لیے ملک بھر سے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں بڑی تعداد میں اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔
