پاکستانی کرکٹ ٹیم چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے لیے گلابی کٹ پہنے گی
پی سی بی اور پنک ربن کی مشترکہ مہم، شاہین آفریدی اور بابر اعظم کی دستخط شدہ شرٹس نیلام کرکے حاصل ہونے والی رقم متاثرہ خواتین کے علاج پر خرچ کی جائے گی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 25 اکتوبر کو لاہور میں ہونے والے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو خواتین میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کے لیے مختص کردیا ہے۔
اس مہم کے تحت قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف میچ میں خصوصی گلابی کٹ پہن کر میدان میں اترے گی۔ یہ اقدام پی سی بی اور پنک ربن کی چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے لیے مشترکہ کوششوں کا حصہ ہے۔
پی سی بی کی جانب سے اس مہم کے سلسلے میں خصوصی فین شرٹس کی نیلامی کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور سابق کپتان بابر اعظم کے دستخط شدہ شرٹس نیلامی کے لیے پیش کیے جائیں گے۔
کرکٹ بورڈ کے مطابق نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم چھاتی کے کینسر سے متاثرہ خواتین کے علاج پر خرچ کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد ان خواتین کی مالی معاونت کرنا ہے جو علاج کے اخراجات برداشت کرنے کی استطاعت نہیں رکھتیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس مہم کے ذریعے شائقین کو خصوصی دستخط شدہ شرٹس حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ چھاتی کے کینسر سے متاثرہ خواتین کی مدد اور قیمتی جانیں بچانے کی کوششوں میں حصہ لینے کا موقع بھی ملے گا۔
