پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی، 165 رنز پر 6 وکٹیں گر گئیں

شاہین شاہ آفریدی نے ابتدائی اوورز میں دو اہم وکٹیں حاصل کیں، حارث رؤف نے بھی انگلش بیٹنگ کو نقصان پہنچایا

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے مشکلات کا شکار ہوگئی۔ انگلینڈ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنا لیے ہیں اور اس کی بیٹنگ جاری ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کو ابتدائی اوورز ہی میں اہم کامیابیاں ملیں اور انگلینڈ کے بڑے کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔

پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پہلے اوور کی پانچویں گیند پر ٹام بینٹن کو 4 رنز کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کردیا۔ بعد ازاں تیسرے اوور میں شاہین نے جو روٹ کو 5 رنز پر کیچ آؤٹ کروا کر انگلینڈ کو دوسرا بڑا نقصان پہنچایا۔

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک بھی پانچویں اوور کے دوران رن آؤٹ ہوگئے، جبکہ چوتھی وکٹ حارث رؤف نے حاصل کی۔ ان وکٹوں کے نتیجے میں انگلش ٹیم 52 رنز پر اپنے چار کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی۔

میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شاداب خان اور رضا اللہ کو شامل کیا گیا ہے۔ ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹیم میں ان دونوں کھلاڑیوں کی شمولیت کی تصدیق کی۔

دوسری جانب انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ اگر ان کی ٹیم ٹاس جیتتی تو وہ بھی پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے۔

پاکستانی کھلاڑی اس میچ میں خواتین میں چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی اجاگر کرنے کے لیے گلابی ٹی شرٹس پہن کر میدان میں اترے ہیں۔

Back to top button