وزیراعظم کا دو سال میں 5 لاکھ طلبہ کو کروم بکس فراہم کرنے کا اعلان

تقسیم کا عمل میرٹ کی بنیاد پر ہوگا، طلبہ کو انٹرنیٹ کی سہولت بھی دی جائے گی تاکہ وہ دنیا میں کہیں بھی رہ کر آن لائن تعلیم حاصل کرسکیں

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ دو سال کے دوران ملک بھر میں 5 لاکھ طلبہ کو کروم بکس اور انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

اسلام آباد میں طلبہ کو کروم بکس اور انٹرنیٹ کی سہولت دینے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں کروم بکس تقسیم کیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ طلبہ پاکستان کا حقیقی اثاثہ ہیں اور انہیں بااختیار بنانے کے سفر کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کو جدید تعلیم سے روشناس کرانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ باصلاحیت بیٹے اور بیٹیاں ملک کا حقیقی سرمایہ ہیں۔ ماضی میں مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر، بشمول آزاد کشمیر، میرٹ کی بنیاد پر 6 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے تھے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ آئندہ دو سال میں 5 لاکھ کروم بکس ملک بھر کے طلبہ میں تقسیم کی جائیں گی۔ ان کے مطابق دانش اسکولوں میں طلبہ کو تمام سہولتیں مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کروم بکس صرف قابلیت کی بنیاد پر دی جا رہی ہیں تاکہ طلبہ دنیا کے کسی بھی حصے میں موجود ہوں تو انٹرنیٹ کے ذریعے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں اور تعلیمی میدان میں کسی سے پیچھے نہ رہیں۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ طلبہ کو جدید تعلیمی سہولتوں سے آراستہ کرکے بااختیار بنانے کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔

Back to top button