انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 242 رنز کا ہدف دے دیا
شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے انٹرنیشنل میں 150 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرلیا، انگلش ٹیم 49ویں اوور میں 241 رنز پر آل آؤٹ

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے چوتھے میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 242 رنز کا ہدف دے دیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے سات کھلاڑیوں کو 187 رنز پر پویلین بھیج دیا۔
چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم کے سلسلے میں قومی ٹیم کے کھلاڑی اس میچ میں خصوصی گلابی کٹ پہن کر میدان میں اترے۔
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے انگلش اوپنر ٹام بینٹن کو آؤٹ کرکے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی 150 وکٹیں مکمل کرلیں۔ اس سنگ میل کے ساتھ وہ کم ترین میچز میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستانی فاسٹ بولرز میں شامل ہوگئے۔
وقار یونس اور شعیب اختر نے 91، 91 میچز میں 150 ون ڈے وکٹیں مکمل کی تھیں، جبکہ ثقلین مشتاق نے 78 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔
قذافی اسٹیڈیم میں بھی شاہین آفریدی کی کارکردگی نمایاں رہی ہے۔ وہ اس میدان پر 6 میچز میں 16 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
شاہین آفریدی کی قیادت میں پاکستان نے 13 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سے 9 میں کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم میں 21 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیل رہی ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اس میدان پر آخری ون ڈے مقابلہ 12 دسمبر 2005 کو ہوا تھا، جس میں پاکستان نے انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
