علی امین گنڈا پور کوالیکشن کمیشن سے ریلیف مل گیا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو الیکشن کمیشن سے ریلیف مل گیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے سالانہ گوشواروں میں غلط بیانی پر درخواست گزار کفیل احمد نے علی امین گنڈاپور کی نااہلی کی درخواست واپس لے لی۔ جس پر الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کے خلاف کفیل احمد کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی ۔۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے سماعت کی ، ڈی جی پولیٹیکل فنانس مسعود اختر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
علی امین گنڈا پور کے وکیل بھی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار کفیل احمد نے علی امین گنڈاپور کی نااہلی کی درخواست واپس لے لی۔
الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کے خلاف کفیل احمد کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی۔
وکیل علی امین گنڈاپور نے موقف اختیار کیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا از خود نوٹس معطل کر دیا ہے، جس پر ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے ریمارکس دیئے کہ کیا پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلے سے روکا ہے؟
جس پر وکیل علی امین گنڈاپور نے جواب دیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو کارروائی کرنے سے بھی روک دیا ہے، الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈا پور کے خلاف کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی ۔
