مسلم لیگ ق کا حکومتی اتحاد چھوڑنے کا قوی امکان

حکومت مسلم لیگ (ق) کو مطمئن کرنے میں ناکام ہوگئی جس کے باعث ق لیگ کی جانب سے حکومتی اتحاد چھوڑنے کا قوی امکان ہے جس کا فیصلہ کل متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) کی اہم مشاورتی بیٹھک آج ہوئی جس میں مسلم لیگ (ق) کے اپوزیشن اور حکومت سے ہونے والے مذاکرات سے متعلق غور کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کا مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ مشاورت کل بھی جاری رہے گی۔ اس حوالے سے چوہدری شجاعت کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کسی بھی کشمکش کا شکار نہیں کل کے اجلاس میں حتمی فیصلے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کو حکومت تاحال مطمئن نہیں کر پائی ہے جبکہ مسلم لیگ ق اور حکومت میں گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات بھی بے نتیجہ رہے۔

ذرائع ق لیگ کے مطابق سیاست میں ضد یا انا نہیں بلکہ پارلیمانی و جمہوری رویے اہمیت کے حامل ہوتے ہیں، مسلم لیگ ق کی پنجاب سمیت ملکی سیاست میں ہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے۔

Related Articles

Back to top button