ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان خیبرپختونخوا کے نئے چیف سیکریٹری مقرر
گریڈ 22 کے افسر کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری، تقرری فوری طور پر نافذ العمل ہوگی؛ دیگر افسران کی خدمات بھی صوبائی حکومت کے سپرد

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کو خیبرپختونخوا کا نیا چیف سیکریٹری تعینات کر دیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 22 کے افسر ہیں۔ وہ اس سے قبل وفاقی وزارتِ توانائی کے پاور ڈویژن میں سیکریٹری کے طور پر فرائض انجام دے رہے تھے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ان کی بطور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا تعیناتی فوری طور پر مؤثر ہوگی اور وہ تاحکمِ ثانی اس عہدے پر کام کریں گے۔ ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان کا تعلق خیبرپختونخوا کے ضلع مردان سے ہے۔
دوسری جانب جاری اعلامیے کے مطابق گریڈ 20 کے افسر محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ انہیں فاٹا کونسل کا ایڈیشنل چیف سیکریٹری مقرر کیا جائے گا۔
اسی طرح گریڈ 19 کے افسر خواجہ سکندر ذیشان کی خدمات پنجاب سے واپس لے کر خیبرپختونخوا حکومت کے سپرد کر دی گئی ہیں، جبکہ گریڈ 18 کے افسر میجر ریٹائرڈ اورنگزیب کی خدمات بھی صوبائی حکومت کے حوالے کر دی گئی ہیں۔

