بالی وڈ اداکار عمران خان ممبئی میں احتجاج کے دوران پولیس حراست میں لے لیے گئے
کاکروچ جنتا پارٹی کے مظاہرے میں شرکت پر کارروائی، کارکنوں کا دعویٰ ہے کہ اجازت کیلئے ای میل بھیجی تھی مگر پولیس نے جواب نہیں دیا

ممبئی: بالی وڈ اداکار عمران خان کو کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے احتجاج میں شرکت کے دوران ممبئی پولیس نے حراست میں لے لیا۔ 43 سالہ اداکار کو 10 اکتوبر کو کرانتی میدان سے حراست میں لیا گیا، جس کے بعد انہوں نے پولیس وین میں بیٹھ کر اپنی سیلفی شیئر کی اور طنزیہ انداز میں کیپشن لکھا، ’’میں ڈرائیو پر جا رہا ہوں۔‘‘
ممبئی پولیس حکام کے مطابق 10 اکتوبر کو ہونے والے احتجاج کے لیے باضابطہ اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت ممبئی میں احتجاج کی اجازت صرف آزاد میدان میں دی گئی ہے۔
دوسری جانب کاکروچ جنتا پارٹی کی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ احتجاج کی اجازت حاصل کرنے کے لیے پولیس کو ای میل بھیجی گئی تھی، تاہم اس کا کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
اسی معاملے پر نئی دہلی میں ہونے والے احتجاج کے دوران سابق وزیراعلیٰ اروند کیجریوال، ممتا بینرجی سمیت تقریباً 1500 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
کاکروچ جنتا پارٹی انتخابی فہرستوں میں مبینہ دھاندلی کے خلاف چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کے اندر انتخابی فہرستوں کے معاملے پر اختلافات پائے جاتے ہیں، جبکہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران دیگر حکام نے چیف الیکشن کمشنر کے 14 فیصلوں پر اعتراضات اٹھائے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان طویل عرصے سے سیاسی اور سماجی معاملات پر اپنی آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ ماضی میں بھی انہوں نے آرٹ، سیاست اور طلبہ پر پولیس تشدد جیسے موضوعات پر کھل کر مؤقف اختیار کیا ہے۔
