جمائمہ نے سیاست سے دور رہنے کا فیصلہ کیوں کیا؟

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ خان نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی زندگی کو پرسکون رکھنے کے لیے سیاست سے دور رہنے کا فیصلہ کر رکھا ہے۔ انکا کہنا ہے کہ انہیں اپنی زندگی میں سیاست کی ضرورت نہیں اور وہ سیاسی لڑائیوں سے دور رہنے کے لیے سیاسی معاملات پر بحث کرنے اور ان میں حصہ لینے سے گریز کرتی ہیں۔ برطانوی سوشلائٹ اور رومانوی کامیڈی ویب سیریز ’وٹس لَو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ Whats Love Got To Do With It کی شریک ہدایتکارہ اور لکھاری جمائمہ خان نے جیو نیوز کے نمائندے مرتضیٰ علی شاہ کے ساتھ لندن میں ایک انٹرویو میں کہا کہ انہوں نے سیاست کو اپنی زندگی سے دور رکھنے کا شعوری فیصلہ کر رکھا ہے تاہم پھر بھی کبھی کبھار ان کی کسی نہ کسی ٹویٹ کا سیاسی مطلب نکال لیا جاتا ہے۔
جمائمہ نے انٹرویو کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ کے طور پر پاکستان میں گزارے ہوئے اپنے 10 برسوں کے بارے میں جذباتی انداز میں بات کی، جمائمہ نے بتایا کہ وہ جان بوجھ کر سیاسی معاملات سے دور رہتی ہیں تاکہ سیاست سے جڑے تنازعات سے دور رہا جا سکے۔ یاد رہے کہ جمائمہ خان نہ صرف معروف ویب سیریز ’واٹس لَو گاٹ ٹو ڈو وِد اِٹ‘ کی شریک ہدایتکارہ ہیں بلکہ اس کی لکھاری بھی ہیں ۔ یہ ایک برطانوی رومانٹک کامیڈی ڈرامہ سیریز ہے جس میں سجل علی، شبانہ اعظمی، للی جیمز، ایما تھامسن، اولیور کرس، عاصم چوہدری اور جیف مرزا شامل ہیں۔
یاد رہے کہ جمائمہ اور ان کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کے پلیٹ فارم سے 1 لاکھ 50 ہزار پاؤنڈز سے زائد رقم جمع کی تھی۔ دونون بہن بھائیوں نے وسطی لندن میں ایک چیریٹی ڈنر کا اہتمام کیا تھا جس میں سینکڑوں پاکستانی اور بھارتی شخصیات نے شرکت کی، عشائیہ میں شرکت کرنے والے مہمانوں میں لندن کے میئر صادق خان، ناول نگار فاطمہ بھٹو، برطانوی پریزینٹرز نورین خان اور سیم ناز، پاکستان کے لیے بیرون ملک سرمایہ کاری کے مشیر ذیشان شاہ اور پاکستان میں برطانیہ کے سابق ہائی کمشنر ایڈم تھامسن بھی شامل تھے۔
یونیسیف کی سفیر کے طور پر جمائمہ نے کہا کہ وہ اس تباہی سے متاثرہ بچوں اور خاندانوں کی مدد کے لیے اہم فنڈز اکٹھا کرنے میں مدد کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انکے خاندان نے پاکستان انوائرمنٹ ٹرسٹ کی بنیاد رکھی تھی اور یہ ادارہ ایک ایسے ملک میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے کام کر رہا ہے جسے عالمی ماحولیاتی بحران کے کچھ انتہائی مشکل اثرات کا سامنا ہے، جمائمہ نے بتایا کہ ان کے ادارے نے یونیسیف کے ساتھ مل کر پاکستان میں سیلاب زدگان کیلئے امداد کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور انہیں ایسا کرتے ہوئے خوشی محسوس ہوتی ہے۔
