پیٹرول ریلیف پیکیج پرآئی ایم ایف کا اعتراض نہیں بنتا،مصدق ملک

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی جانب سے پیٹرول پیکج پر مشاورت نہ کرنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیکج کو بلکل مؤخر نہیں کیا گیا، اس پر آئی ایم ایف کا اعتراض نہیں بنتا۔
میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے کہا کہ آئی ایم ایف کو اعتراض اُس وقت ہونا چاہیے جب ہم کوئی سبسڈی دیں۔
ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پیٹرول پیکج کے تحت کوئی سبسڈی نہیں دی جائے گی، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہے کہ سسبڈی نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے پیٹرول پیکج پر سبسڈی زیرو ہوگی، غریب کے لیے پیٹرول سستا اور امیر کے لیے مہنگا کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عالمی مالیاتی ادارے نے کہا تھا کہ پاکستان نے کم آمدنی والے افراد کو سبسڈی دینے کے لیے امیر گاڑی والوں کے لیے ایندھن کی قیمتیں بڑھا کر فنڈز اکٹھا کرنے پر اس سے کوئی مشاورت نہیں کی۔
امریکی خبر رساں ادارے ’بلوم برگ‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کی ریزیڈنٹ نمائندہ ایستھر پیریز روئز نے کہا تھا کہ ’فنڈ کا عملہ اسکیم کے آپریشن، لاگت، ہدف بندی، دھوکا دہی اور استحصال سے متعلق تحفظات، اور آفسیٹ کے اقدامات کے حوالے سے مزید تفصیلات حاصل کر رہا ہے اور حکام کے ساتھ ان عناصر پر احتیاط سے بات چیت کرے گا‘۔
واضح رہے کہ 19 مارچ کو وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے موٹر سائیکل، رکشا اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر فی لیٹر 50 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی تھی کہ پیٹرولیم سبسڈی میں موٹر سائیکل، رکشا کے علاوہ 800 سی سی سمیت دیگر چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے تمام کم آمدن صارفین کو شامل کیا جائے۔
تاہم اگلے روز وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ’سستا پیٹرول اسکیم‘ کے تحت موٹر سائیکل والوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر سستا پیٹرول اسکیم کے تحت موٹر سائیکل والوں کے لیے پیٹرول پر 50 روپے کے بجائے 100 روپے کی سبسڈی دی جائے گی اور چھ ہفتوں کے دوران اس اسکیم کو نافذ العمل کر دیا جائے گا۔