بھارتی اداکارہ پروین بابی کی ناکام محبتوں کی کہانی

بھارتی اداکارہ پروین بابی کی حقیقی زندگی فلمی کہانیوں سے الگ نظر آتی ہے، جہاں ہیرو فلم کے اختتام پر ہیروئن کو بچانے میں کامیاب ہو جاتا ہے لیکن حقیقت میں ایسا نہ ہو سکا اور پروین بابی ناکام معاشقوں کے بعد صرف 50 برس کی عمر میں تنہا زندگی گزارتے ہوئے چل بسیں۔پروین بابی انڈیا کی مغربی ریاست گجرات کے شہر جُونا گڑھ میں ایک متوسط مسلم گھرانے اور بابی شاہی خاندان میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے احمدآباد کے سینٹ زیویئر کالج سے انگریزی زبان و ادب میں گریجویشن کی، اسی زمانے میں انہیں ماڈلنگ کے شعبے میں اپنا کیریئر بنانے کا شوق پیدا ہوا۔ مغربی طرزِ زندگی کی دلدادہ پروین بابی کو ایک دن فلم ساز اور ہدایت کا بی آر اشارہ نے سگریٹ کا کَش لگاتے دیکھا تو اُن کے ذہن میں جس فلم کا تصور تھا انہیں لگا کہ اُنہیں اُن کی ہیروئن مل گئی ہے۔بی آر اشارہ نے 19 سال کی پروین بابی کو معروف کرکٹر سلیم دُرانی کے ساتھ اپنی فلم ’چرتر‘ میں کام کرنے کا موقعہ دیا اگرچہ یہ فلم فلاپ ہوگئی، تاہم پروین بابی اپنی چھاپ چھوڑنے میں کامیاب رہیں، پھر اگلے سال 1974 میں اُنہیں بالی وڈ کے ’اینگری ینگ مین‘ امیتابھ بچن کے ساتھ فلم ’مجبور‘ میں کام کرنے کا موقعہ ملا اور یہ فلم کامیاب رہی۔ پھر اِس کے بعد پروین بابی نے امیتابھ بچن کے ساتھ یکے بعد دیگرے کئی فلموں میں کام کیا جن میں ’دیوار‘، ’امر اکبر انتھونی‘، ’شان‘ اور ’کالیا‘ جیسی کامیاب فلمیں شامل ہیں۔اسی دوران پروین کو اداکار ڈینی سے محبت ہو گئی اور اِن دونوں کا جذباتی لگاؤ کوئی دو تین سال تک چلا پھر دونوں کی راہیں جُدا ہو گئیں۔‘ اس کے بعد ان کی زندگی میں بالی وڈ کے وجیہہ اداکار کبیر بیدی آئے۔کبیر بیدی نے اپنی سوانح میں ’سٹوریز آئی مسٹ ٹیل‘ یعنی ’قصے جو مجھے ضرور سُنانے چاہییں‘ میں اُن سے متعلق لکھا کہ ’پروین بابی کے ساتھ اُن کی چاہت میں شدت تھی لیکن اُن کا رشتہ شدتِ جذبات کے سبب نشیب فراز کا شکار رہا اور چل نہ سکا۔پروین بابی صرف 22 سال کی عمر میں اپنے کیریئر کی ایسی بلندیوں پر تھیں کہ انہیں عالمی شہرت کے حامل امریکی ’ٹائم‘ میگزین نے اپنے کور پیج پر جگہ دی۔ وہ کبیر بیدی کے ساتھ اِس قدر سنجیدہ تھیں کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے عروج پر فلم چھوڑ دی اور اُن کے ساتھ یورپ چلی گئیں، پروین بابی کی واپسی پر ہندی سنیما نے اُنہیں ہاتھوں ہاتھ لیا اور انہوں نے کامیابی کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔ واپسی پر انہوں نے ’امر اکبر انتھونی‘، ’سہاگ‘، ’کالا پتھر‘، ’دی برننگ ٹرین‘، ’شان‘، ’کالیا‘ اور ’نمک حلال‘ جیسی کامیاب فلمیں کیں۔مہیش بھٹ نے فلم فیئر میگزین کے ساتھ ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’1979 میں انہوں نے ایک بار پروین بابی کا وہ رُوپ دیکھا جس میں وہ ایک کمرے میں چاقو لیے سہمی ہوئی بیٹھی تھیں اور پوچھنے پر کہنے لگیں کہ کوئی انہیں مارنا چاہتا ہے اور پھر وہ اُن کا ہاتھ پکڑ کر باہر آگئیں۔وہ کئی برس تک علاج کی غرض سے امریکہ بھی رہیں لیکن وہاں بھی ان کا علاج نہ ہو سکا اور وہ انڈیا واپس آگئیں۔بہرحال 22 جنوری 2005 کی ایک سرد صبح اُن کی رہائشی سوسائٹی کے سیکریٹری نے پولیس کو خبر دی کہ پروین بابی نے گزشتہ تین روز سے دروازے کے باہر پڑے اخبارات اٹھائے ہیں اور نہ ہی سبزیاں۔ اس کے بعد پولیس نے پروین بابی کے فلیٹ کا دروازہ کھولا تو اندر اُن کی لاش ملی، جب لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تو پتا چلا کہ اُن کے پیٹ میں کئی دنوں سے کوئی غذا نہیں گئی تھی۔پروین بابی نے 20 جنوری 2005 کو 50 سال کی عمر میں دنیا کو خیرباد کہا۔
