صرف ایک گانے سے سپرسٹار بننے والے گلوکار کونسے ہیں؟

 

شہرت اور کامیابی کا کوئی خاص فارمولا نہیں ہے، قدرت جس پر مہربان ہو جائے تو وہ راتوں رات سپر سٹار بن جاتا ہے، پاکستان میں راتوں رات سپر سٹار بننے والے کئی گلوکار موجود ہیں جنھوں نے شہرت کی بلندیوں کو چھووا۔ماضی اور حال میں ایسی کئی مثالیں ہمارے سامنے ہیں، کیفی خلیل ، کہانی سُنو، علی سیٹھی، پسوڑی، علی ظفر، چَھنو، عاطف اسلم، عادت، ابرار الحق، بِلو دے گھر، جواد احمد بن تیرے کیا ہے جینا اور شازیہ خشک دانے پہ دانہ سے مقبول ہوئیں، حسن جہانگیر، ہوا ہوا، رحیم شاہ، پہلے تو کبھی کبھی غم تھا، علی حیدر، پُرانی جینز، اور ارشد محمود شام کا ایک پہر سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے، آج ہم نئی نسل کے چند مقبول گلوکاروں کی بات کرینگے۔2020ء میں دنیائے موسیقی میں ایک نام راتوں رات سامنے آیا، اس گلوکار کا گایا ہوا گانا ’’کہانی سُنو‘‘ بچے بچے کی زبان پر تھا۔ اس گلوکار کا نام کیفی خلیل ہے، کراچی کے علاقے لیاری سے تعلق رکھنے والے نوجوان گلوکار کی صرف ایک گانے نے اس کی قسمت بدل دی۔ 2022ء میں نامور گلوکار علی سیٹھی کے گانے’’پسوڑی‘‘کو گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیا جانے والے سونگ کا اعزاز حاصل ہوا۔ ’’پسوڑی‘‘نے دنیا بھر کے مختلف ممالک میں خُوب شہرت حاصل کی۔ 2004ء میں عاطف اسلم نے 17برس کی عمر میں اپنا گانا ’’عادت‘‘ انٹرنیٹ پر ریلیز کیا تو اُسے نوجوانوں نے بے حد پسند کیا۔ اس گانے کی مقبولیت بالی ووڈ تک جا پہنچی، کروڑوں مداحوں کو اپنی آواز کا دیوانہ بنانیوالے عاطف اسلم کو’’عادت‘‘ نے سپر سٹار بنا دیا تھا۔ بعدازاں انہوں نے جیو کی فلم ’’بول‘‘ میں ماہرہ خان کے ساتھ بطور ہیرو بھی کام کیا اور درجنوں بالی ووڈ فلموں میں سپرہٹ گانے بھی گائے۔ ’’کِنے کِنے جانا بِلودے گھر‘‘جب یہ گانا ریلیز ہوا، تو اس نے مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے تھے۔ گلوکار ابرارالحق کو اس گیت کی وجہ سے دُنیا بھر میں بے انتہاء مقبولیت ملی، اس کے بعد ابرارالحق نے کئی گیت اور بھی گائے۔ ’’پُرانی جینز اور گِٹار‘‘نے گلوکار علی حیدر کی آواز میں ریلیز ہوکر دنیا بھر میں دُھوم مچائی۔موسیقی کی دنیا میں حسن جہانگیر کا ایک گانا ’’ہوا ہوا اے ہوا‘‘نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ امیتابھ بچن اور گووندا سمیت کئی سپراسٹارزپر یہ گانا فلمایا گیا۔ اِسے بالی ووڈ کے مختلف گلوکاروں نے بھی اپنی آواز میں گایا۔ فوک سنگر شازیہ خشک نے جب تھر کا روایتی لباس پہن کر مقبول گیت ’’دانے پہ دانہ‘‘گایا تو ہر طرف اُن کی دُھوم مچ گئی تھی۔گلوکار ارشد محمود نے کم عمری سے گانا شروع کر دیا تھا، لیکن اُنھیں مقبولیت اور شناخت گانا ’’شام کا ایک پہر میرے نام کرو‘‘سے ملی۔ آج بھی ارشد محمود سے کنسرٹس میں سب سے زیادہ فرمائش اسی گانے کی کی جاتی ہے ۔ گلوکار رحیم شاہ سے سب واقف ہوں گے۔ 90ء کی دہائی میں ان کی آواز میں ایک نغمہ ’’پہلے تو کبھی کبھی غم تھا‘‘ایسا مقبول ہوا کہ ہر طرف رحیم شاہ کے چرچے ہونے لگے، گلوکارجواد احمد نے موسیقی میں مختلف گیتوں کے ذریعے رنگ بکھیرے۔ ’’بِن تیرے کیا ہے جینا، سے بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی۔ ان کے دیگر سپرہٹ گانوں میں’’او کیندی اے‘‘،’’اُچیاں مجاجاں والی‘‘ اور’’دوستی‘‘ شامل ہیں۔

Back to top button