خواتین اداکارہ کرن ناز سے ناراض کیوں ہوئیں؟

معروف اداکارہ کرن ناز نے انکشاف کیا ہے کہ شوہر کو دوسری شادی کی اجازت دینے پر ان کو خواتین کی جانب سے شدید ناراضگی کا سامنا کرنا پڑا، بلکہ ان کی سہیلیاں اور شوبز سے وابستہ شخصیات بھی ان کے بیان سے متفق نہیں تھیں۔کرن ناز نے ماضی میں ایک لائیو شو کے دوران شوہر کی دوسری شادی سے متعلق سوال پر جواب دیا کہ انہوں نے اپنے شوہر کو دوسری شادی کی اجازت دے رکھی ہے، اس حوالے سے ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں اور ایسی خبریں بھی شائع ہوئی تھیں کہ ان کے شوہر نے دوسری شادی کر لی لیکن ان باتوں میں کوئی صداقت نہیں۔حال ہی میں کرن ناز ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے ایک بار پھر اس معاملے پر بات کی اور کہا کہ وہ متعدد بار یہ وضاحت کر چکی ہیں کہ انہوں نے شوہر کو دوسری شادی کی اجازت ایک سیشن کے دوران سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی لیکن ان کی بات کو پھیلایا گیا۔اداکارہ کے مطابق ان کی بات پر اخبارات نے شہ سرخیاں لگائیں کہ کرن ناز کے ساتھ دھوکا ہوگیا اور ان کے شوہر نے دوسری شادی کرلی لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہوا تھا، دراصل شوہر کو دوسری شادی کی اجازت انہوں نے نہیں بلکہ مذہب اسلام نے دے رکھی ہے اور وہ مذہب کے خلاف نہیں جا سکتیں، وہ کیسے شریعت کے خلاف جا سکتی ہیں، وہ شریعت اور مذہبی احکامات پر عمل کرنے کے حوالے سے بلکل کلیئر ہیں، ان کے ذہن میں کوئی خرافات نہیں کہ وہ شریعت کی تشریح اپنی مرضی اور فائدے کے لیے کرے۔ٹی وی میزبان نے کہا کہ شریعت نے مرد کو ایک یا دو نہیں تین تین شادیوں کی اجازت دے رکھی ہے اور وہ کون ہوتی ہیں، اس اجازت کو منسوخ کرنے والی؟ ان کے شوہر بہت اچھے ہیں، جنہوں نے ان کی ہر خواہش پوری کر رکھی ہے لیکن اگر وہ سمجھتے ہیں کہ انہیں مزید خوش رہنے کے لیے دوسری شادی کرنی چاہئے تو وہ ان کی خوشی کیلئے اتنا تو کر سکتی ہیں۔ساتھ ہی کرن ناز نے ہنستے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ اتنی پیاری ہیں کہ ان کے شوہر دوسری شادی کر ہی نہیں سکتے۔ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے شوہر کو دوسری شادی کی اجازت دینے کی بات کہنے پر ان سے سہیلیاں بھی ناراض ہوئیں جب کہ شوبز کی دوست خواتین نے بھی ناراضگی کا اظہار کیا، دوسری شادی کی اجازت کی بات کہنے پر سب سے زیادہ ان عورتوں نے تنقید کی، وہ ان سے ناراض ہوئیں اور کہنے لگیں
کہ ان کی بات کے بعد مرد انہیں طعنے دیتے ہیں۔
