شاہ رخ خان ’’پٹھان‘‘ کی 25 جنوری کو ریلیز پر کیوں ڈٹ گئے؟

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جو تنقید سے گھبرانے کی بجائے اس کا مقابلہ کرتے ہیں، شاید یہی وجہ ہے کہ ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے بے جا تنقید کے باوجود شاہ رخ اپنی فلم ’’پٹھان‘‘ کو 25 جنوری کو ہی ریلیز کرنے پر ڈٹ گئے ہیں۔ بھارتی سینسر بورڈ کی حالیہ مداخلت کے بعد یہ قیاس آرائیاں تھیں کہ بالی وڈ سپر سٹار شاہ رخ خان کی نئی آنے والی فلم ’’پٹھان‘‘ کی ریلیز تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے لیکن اب خود شاہ رخ خان نے واضح کیا ہے کہ فلم 25 جنوری کو ہی ریلیز ہوگی۔

فلم ’’پٹھان‘‘ اپنے گانے ’’بے شرم رنگ‘‘ کے ریلیز ہونے کے ساتھ ہی تنازعات کی زد میں ہے، بھارت میں دائیں بازو کی ہندو تنظیموں کی جانب سے فلم کو ’’ہندو مخالف‘‘ قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے کیونکہ اس میں دیپکا پڈوکون نے زعفرانی رنگ کا لباس پہن کر ڈانس کیا ہے۔ ہندو انتہا پسندوں کا موقف ہے کہ زعفرانی رنگ ہندو مذہب میں مقدس ہے اور اس کی توہین کی گئی ہے۔ ایک تازہ واقعے میں بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک سینما مال میں انتہا پسندوں نے فلم کے پوسٹرز پھاڑ دیئے، دائیں بازو کے ہندو گروہوں وشوا ہندو پریشد اور بج رنگ دل کے کارکنان نے واستراپور کے علاقے میں ایک مال میں توڑ پھوڑ کی، رپورٹس کے مطابق ان کارکنان نے شاہ رخ خان اوردپیکا پڈوکون کی تصاویر والے فلم کے پوسٹرز پھاڑ دیئے اور تشہیری بورڈز توڑ دیئے۔ اسکے علاوہ سنیما حکام کو دھمکی بھی دی گئی کہ وہ فلم کی ریلیز پر پابندی لگائیں، واقعے کی ویڈیو میں انتہا پسندوں کو نعرے لگاتے ہوئے اور مال کی املاک کو نقصان پہنچاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، واستراپور علاقے کے انسپکٹر جے کے ڈنگر کا کہنا ہے کہ پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر پانچ کارکنان کو حراست میں لیا، جنہیں بعد ازاں رہا کر دیا گیا۔

اس سے قبل وشوا ہندو پریشد گجرات نے کہا تھا کہ وہ خاص طور پر فلم کے گانے ’’بے شرم رنگ‘‘ کی وجہ سے گجرات میں اس کی ریلیز کی اجازت نہیں دیں گے، وشوا ہندو پریشد گجرات کے ترجمان ہتیندراسنہ راجپوت کہتے ہیں کہ ہم ’’پٹھان‘‘ کی سکریننگ کی اجازت نہیں دیں گے، احمدآباد میں فلم کی ریلیز کے خلاف ہمارے احتجاج کو تمام سینما مالکان کو وارننگ کے طور پر لینا چاہئے، انہوں نے کہا کہ تمام مالکان کو اپنے تھیٹرز یا ملٹی پلیکس میں فلم کی ریلیز سے دور رہنا چاہئے۔

خیال رہے کہ 12 دسمبر کو فلم پٹھان کا گانا ’’بے شرم رنگ‘‘ ریلیز کیا گیا تھا جس میں دپیکا پڈوکون نے الگ الگ رنگوں کی بکنی پہنی ہوئی تھیں مگر اس میں ایک بکنی زعفرانی رنگ کی بھی تھی جس پر دائیں بازو کی ہندو تنظیموں کی جانب سے سخت ردِ عمل سامنے آیا اور فلم کی ریلیز پر پابندی کا مطالبہ کیا جانے لگا۔ ادھر جب یہ فلم بھارتی سنسر بورڈ کے سامنے پیش کی گئی تو انہوں نے اس میں گانے اور مناظر تبدیل کرنے کی ہدایات دے کر اسے واپس کردیا، بھارتی سنسر بورڈ کے سربراہ شاعر ، مصنف اور ہدایت کار پرسون جوشی نے کہا کہ فلم کو سنسر کی گائیڈلائنز کے مطابق جانچا گیا جس کے بعد اس کے گانوں اور چند مناظر کو تبدیل کرنے کی ہدایت دی گئی۔ تاہم اب شاہ رخ خان اور یش راج فلم نے کہا ہے کہ انکی فلم پٹھان 25 جنوری کو ہی ہندی، تمل اور تیلوگو زبان میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کی ہدایت کاری سدھارتھ انند نے کی ہے جبکہ فلم میں شاہ رخ خان کے ساتھ اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم ایکشن میں نظر آئیں گے، اس فلم کی کاسٹ میں بالی وڈ کے دبنگ خان ‘سلمان خان’ بھی شامل ہیں اور مداح شا ہ رخ خان اور سلمان خان کو ایک ساتھ دیکھنے کے لیے بے تاب نظر آتے ہیں۔ ٹوئٹر پر ایک سپیس سیشن کے دوران ایک صارف نے شاہ رخ سے سوال کیا کہ پٹھان میں سلمان خان کی انٹری کب ہوگی؟ جواب میں شاہ رخ خان نے بتایا کہ پٹھان ایک انٹرایکٹو فلم ہے اور جب بھی آپ فلم میں بھائی کو دیکھنا چاہیں تو ٹکٹ پر موجود ‘کیو آر’ کوڈ استعمال کریں، وہ فلم میں آجائیں گے۔ ٹوئٹر پر ایک اور صارف نے شاہ رخ خان سے پوچھا کہ کیا آپ میرے ساتھ پٹھان دیکھیں گے؟ جس پر بالی وڈ سٹار نے جواب دیا کہ 25 جنوری کو میں تھوڑا مصروف ہوں۔ ہو سکتا ہے کہ جب آپ تیسری مرتبہ اسے دیکھنے جائیں تو ہم ساتھ ہوں۔ راؤڈی نامی ایک ٹوئٹر صارف نے شاہ رخ سے کہا کہ ’’پٹھان‘‘ پہلے ہی تباہ ہو چکی ہے، تم ریٹائرمنٹ لے لو، اس کے جواب میں شاہ رخ خان نے کہا کہ ’’بیٹا بڑوں سے ایسے بات نہیں کرتے‘‘۔

مہوش حیات لالی ووڈ کی سیکسی کوئین کیوں کہلاتی ہیں؟

Back to top button