سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ: پاکستان فائنل میں ملائیشیا سے ہار گیا

دو گول کی برتری کے باوجود قومی ٹیم مقررہ وقت میں مقابلہ برابر ہونے کے بعد شوٹ آؤٹ میں شکست کھا گئی، 10 سال بعد سلور میڈل حاصل کرلیا

سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ 2026 کے فائنل میں پاکستان کو میزبان ملائیشیا کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر رہا، تاہم شوٹ آؤٹ میں ملائیشیا نے 3-4 سے کامیابی حاصل کرکے طلائی تمغہ جیت لیا، جبکہ پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

ملائیشیا کے شہر جوہر بہرو میں کھیلے گئے فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے کوارٹر میں دو گول کی برتری حاصل کرلی، لیکن میزبان ٹیم نے بعد میں مقابلہ برابر کرکے میچ کا فیصلہ شوٹ آؤٹ پر پہنچا دیا۔

پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی بھرپور کوششیں کیں، تاہم کوئی بھی ٹیم کامیابی حاصل نہ کرسکی اور ابتدائی 15 منٹ بغیر کسی گول کے ختم ہوئے۔

دوسرے کوارٹر میں پاکستانی کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا۔ میچ کے 19ویں منٹ میں رانا ولید نے پنالٹی کارنر پر گیند کو جال میں پہنچا کر پاکستان کو 1-0 کی برتری دلائی۔ اس کے بعد 23ویں منٹ میں محمد عثمان نے دوسرا گول کرکے قومی ٹیم کی برتری 2-0 کردی۔

پاکستان کی دو گول کی برتری زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور 25ویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد آدم جوہری نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے اپنی ٹیم کا خسارہ کم کردیا۔ ہاف ٹائم پر پاکستان کو 2-1 کی برتری حاصل تھی۔

تیسرے کوارٹر میں ملائیشیا نے مقابلہ برابر کرنے کے لیے پاکستانی ٹیم پر دباؤ بڑھایا اور کئی پنالٹی کارنرز حاصل کیے، تاہم قومی ٹیم کے دفاع نے میزبان کھلاڑیوں کو مزید گول کرنے سے روکے رکھا۔

چوتھے کوارٹر میں ملائیشیا نے 49ویں منٹ میں دھیرش گناسیلن کے پنالٹی کارنر پر کیے گئے گول کی بدولت مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔ میچ کے 57ویں منٹ میں پاکستان کے حمزہ علی کو یلو کارڈ بھی دکھایا گیا، تاہم مقررہ وقت کے اختتام تک مزید کوئی گول نہ ہوسکا۔

فائنل کا فیصلہ کرنے کے لیے شوٹ آؤٹ کا سہارا لیا گیا، جہاں ملائیشیا نے ابتدائی دو کوششوں میں گول اسکور کیے جبکہ پاکستان کے حمزہ فیاض اپنی کوشش کو کامیابی میں تبدیل نہ کرسکے۔ بعد ازاں حمزہ علی نے پاکستان کی جانب سے پہلا گول کیا۔

رانا ولید نے شوٹ آؤٹ میں دو مرتبہ گیند کو گول میں پہنچایا، جس سے پاکستان نے مقابلہ 3-3 سے برابر کردیا۔ تاہم ملائیشیا کے اے افیرالسیہ نے چوتھا گول کرکے اپنی ٹیم کو 4-3 کی برتری دلادی۔ پاکستان کے محمد عماد آخری کوشش میں گول کرنے میں ناکام رہے، جس کے نتیجے میں ملائیشیا نے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے شوٹ آؤٹ میں حمزہ علی نے ایک اور رانا ولید نے دو گول اسکور کیے۔

قومی جونیئر ہاکی ٹیم نے 10 سال کے وقفے کے بعد سلطان آف جوہر کپ کے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی مجموعی کارکردگی عمدہ رہی، تاہم فیصلہ کن میچ میں دو گول کی برتری حاصل کرنے کے باوجود ٹائٹل جیتنے میں کامیابی نہ مل سکی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی جونیئر ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کو مبارکباد دی ہے۔ فیڈریشن کے مطابق 10 سال بعد فائنل میں پہنچنا اور سلور میڈل حاصل کرنا پاکستان کی جونیئر ہاکی کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔

فائنل میں شکست کے باوجود قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لیے حوصلہ افزا قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم فیصلہ کن مقابلے میں دو گول کی برتری برقرار نہ رکھ پانا ایک اہم پہلو ہے، جس پر ٹیم انتظامیہ کو مزید توجہ دینے کی ضرورت ہوگی۔

Back to top button