اسحاق ڈار اور چینی سفیر کی ملاقات، علاقائی امن اور دوطرفہ تعاون پر گفتگو

پاکستان اور چین نے سی پیک، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے ملاقات کی، جس میں علاقائی صورتِ حال اور پاکستان و چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون میں مسلسل پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، علاقائی روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں فریقوں نے زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے، عوامی روابط مضبوط بنانے اور پاکستان و چین کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو فروغ دینے پر بھی گفتگو کی۔

اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ مستقبل کی کمیونٹی کے وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات میں علاقائی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال ہوا، جبکہ پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

Back to top button