ٹائیگر شروف پر فائرنگ کے بعد امیتابھ بچن اور دلجیت دوسانجھ کو بھی دھمکیاں

امیتابھ بچن کے بنگلے پر حملے اور دلجیت کے 27 نومبر کو ہونے والے کنسرٹ میں خلل ڈالنے کی دھمکی، ممبئی میں سکیورٹی اداروں کی تحقیقات جاری

بالی وڈ اداکار ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعے کے بعد اداکار امیتابھ بچن اور گلوکار دلجیت دوسانجھ سے متعلق بھی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میئر کے دفتر کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی، جس میں امیتابھ بچن کے بنگلے ’جلسہ‘ پر حملے اور 27 نومبر کو ہونے والے دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کی سکیورٹی متاثر کرنے کی دھمکی دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر پولیس (ڈی سی پی) منیش کلوانیا نے بتایا کہ یہ دھمکی آمیز ای میل برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کو بھیجی گئی تھی۔ ان کے مطابق جانچ پڑتال کے دوران کوئی مشکوک چیز نہیں ملی۔

ڈی سی پی منیش کلوانیا کا کہنا تھا کہ ممبئی کے علاقے دادار میں واقع اسکولوں کو بھی دھمکیاں دی گئی تھیں۔ تاہم امیتابھ بچن اور دلجیت دوسانجھ کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کے پیچھے کون ہے، اس کا تعین کرنے کے لیے سکیورٹی ادارے تحقیقات کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 18 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے جوہو میں ٹائیگر شروف کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ اداکار فٹ بال میچ کھیلنے کے بعد وہاں سے روانہ ہو رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

فائرنگ کے واقعے میں ٹائیگر شروف محفوظ رہے، تاہم ان کے ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔

Back to top button