پاکستان نے انگلینڈ کی ابتدائی چار وکٹیں گرا دیں، شاہین آفریدی کی ون ڈے کرکٹ میں 150 وکٹیں مکمل

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری سہ ملکی سیریز کے میچ میں انگلینڈ کی بیٹنگ مشکلات کا شکار، شاہین نے ٹام بینٹن اور جو روٹ کو آؤٹ کیا

سہ ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ابتدائی چار وکٹیں حاصل کرلیں۔

قذافی اسٹیڈیم میں میچ کے آغاز پر فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ٹام بینٹن کو 4 رنز پر آؤٹ کردیا۔ اس وکٹ کے ساتھ ہی شاہین نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنی 150 وکٹیں مکمل کرلیں۔

اس کے بعد شاہین آفریدی نے جو روٹ کو 5 رنز پر پویلین بھیج کر انگلینڈ کو دوسرا نقصان پہنچایا۔ انگلینڈ کی تیسری وکٹ 19 رنز کے مجموعے پر گری، جبکہ چوتھی وکٹ 52 رنز پر حاصل ہوئی، جب جارڈن کوکس 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور ایک اضافی اسپنر کو شامل کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق رضا اللہ اپنا ڈیبیو کریں گے، جبکہ شاداب خان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ شاہین نے مزید بتایا کہ وارم اپ کے دوران نسیم شاہ کی انگلی میں انجری ہوئی، جبکہ فہیم اشرف کو ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ اگر ان کی ٹیم ٹاس جیتتی تو وہ بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

پاکستان کی جانب سے شاداب خان، رضا اللہ، صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، سعد بیگ، حسن نواز، عرفات منہاس، شاہین آفریدی اور حارث رؤف ٹیم کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سیریز کے اپنے پہلے دونوں میچز سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف جیت چکا ہے، جبکہ انگلینڈ کو اپنے ابتدائی دونوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Back to top button