پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا انتخاب کرلیا

تین ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان کی ٹیم میں دو تبدیلیاں، رضا اللہ ون ڈے ڈیبیو کریں گے جبکہ شاداب خان کی واپسی ہوئی ہے

تین ملکی ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مقابلہ قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کا انتخاب کرتے۔

پاکستانی کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور ایک اضافی اسپنر کو شامل کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق رضا اللہ آج اپنا ڈیبیو کریں گے، جبکہ شاداب خان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

شاہین آفریدی نے مزید بتایا کہ وارم اپ کے دوران نسیم شاہ کی انگلی میں انجری ہوگئی، جبکہ فہیم اشرف کو ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

پاکستان کی جانب سے شاداب خان، رضا اللہ، صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، سعد بیگ، حسن نواز، عرفات منہاس، شاہین آفریدی اور حارث رؤف آج کے میچ میں حصہ لے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان سیریز کے اپنے پہلے دونوں میچز سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف جیت چکا ہے، جبکہ انگلینڈ کو اپنے دونوں ابتدائی میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Back to top button