پی سی بی مجھ سے متعلق رپورٹس عوام کے سامنے لائے

ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے اپنے متعلق ٹیم مینجمنٹ کی رپورٹ عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کردیاہے۔

احمد شہزاد نے کہا کہ میرے بارے میں ماضی کی ٹیم مینجمنٹ نے جو رپورٹ پی سی بی کو جمع کرائی اور جس کی بنیاد پر مجھے ٹیم سے دور رکھ کر نقصان پہنچایا گیا ہے اس کو عوام کے سامنے لایا جائے،ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بتایاجائے کہ احمد شہزاد نے یہ غلطیاں کی ہیں اور پھر میری وضاحت بھی لی جائے اور ارباب اختیاراس کے بعد کوئی فیصلہ کریں۔

قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میرے بارے میں جو چند برس پہلے رپورٹ دی گئی اس کا میرے کیرئیر پرمنفی اثر پڑا، میری شہرت کو نقصان پہنچا، میرے فینز کو غلط بتایا گیا، رپورٹ میں جو کہا گیا اس کی وضاحت ہونی چاہیے کیو نکہ مجھے اس کا بہت نقصان ہواہے، مجھے پتا تو ہوناچاہیے کہ رپورٹ کیا ہے اور میں نے کیا غلطی کی ہے، ایک ہی سیریز میں ایک ہی کوچ کے ہوتے ہوئے میں نے ایسا کیا غلط کردیا کہ رپورٹ کا ایک پلندہ تیار کر لیا۔

احمد شہزاد نے کہا مجھے خود نہیں پتا کہ مجھے کنڈیشنگ کیمپ میں کیوں نہیں بلایا گیا حالانکہ اس کیمپ میں 60 لڑکوں کو بلایا گیا تھا لیکن اس کا درست جواب تو وہی دے سکتے ہیں جنہوں نے کھلاڑیوں کو منتخب کیاانہوں نے کہا کہ مجھے سری لنکا کے خلاف آخری سیریز میں پورا موقع ہی نہیں دیا گیا اور باہر کر دیا، ایک میچ میں اوپنر کھلایا دوسرے میں ون ڈاؤن اور پھر پریشر میں آکر باہر کر دیا۔

واضح رہے کہ احمد شہزاد 2019 میں سری لنکا کے خلاف آخری مرتبہ ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل کیے گئے تھے، ان کے بارے میں سابق ہیڈ کوچ وقار یونس کے دور میں 2015-16 میں ایک رپورٹ جمع کرائی گئی تھی۔
رپورٹ میں احمد شہزاد کے رویے کے بارے میں تفصیلی لکھا گیا تھا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے احمد شہزاد کو ٹیم سے دور رکھا جائے۔

Related Articles

Back to top button