پاکستان نےایشین ٹیم سکواش چیمپیئن شپ جیت لی

پاکستان نے 23ویں ایشین ٹیم سکواش چیمپیئن  شپ کے فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیت لیا، قومی ٹیم نے 2016 کے بعد پہلی مرتبہ ایشین ٹیم سکواش کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

اسلام آباد کے مصحف سکواش کمپلیکس میں ہفتے کو کھیلے گئے فیصلہ کن مقابلے میں نور زمان اور محمد عاصم نے اپنے اپنے میچز میں کامیابی حاصل کرکے پاکستان کی فتح یقینی بنائی۔

فائنل میں پاکستان اور جنوبی کوریا کی ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع تھی، تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔

پاکستان کی جانب سے نور زمان نے پہلے اہم کامیابی حاصل کی، جبکہ محمد عاصم نے اپنے مقابلے میں فتح حاصل کرکے قومی ٹیم کی برتری 2-0 کر دی۔

پاکستان نے دونوں ابتدائی مقابلے جیت کر فائنل اپنے نام کر لیا اور یوں ایشین ٹیم اسکواش چیمپیئن  شپ کا تاج ایک مرتبہ پھر پاکستان کے سر سج گیا۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایشین ٹیم سکواش چیمپیئن  شپ کی تاریخ میں اپنا 16واں طلائی تمغہ حاصل کر لیا۔

قومی ٹیم کے لیے یہ کامیابی اس لحاظ سے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ 2016 میں ایشین ٹیم سکواش چیمپیئن  شپ کا ٹائٹل جیتا تھا، جس کے بعد 10 سال کے طویل انتظار کے بعد ایک مرتبہ پھر ایشیائی سطح پر چیمپیئن  بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

Back to top button