انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کو نیشنزکپ کی میزبانی دیدی

پاکستان میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور عالمی سطح پر کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے پاکستان کو آئندہ نیشنز کپ کی میزبانی دے دی، جس میں10 بین الاقوامی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
عالمی مقابلے کی میزبانی کے ساتھ اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کو ’ایف آئی ایچ‘ ہائی پرفارمنس سینٹر کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام نے اسلام آباد میں پاکستان ہاکی کی بحالی کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں نیشنز کپ کی میزبانی کا باضابطہ اعلان کیا۔
اس موقع پر وفاقی حکومت نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو کھیل کی بحالی کے لیے مکمل تعاون اور سرپرستی کی یقین دہانی بھی کرائی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام نے کہا کہ نیشنز کپ عالمی ہاکی کے اہم ترین مقابلوں میں شمار ہوتا ہے، جس کی اہمیت ورلڈ کپ اور اولمپک گیمز کے بعد نمایاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس عالمی ایونٹ کی میزبانی ملنا ملک میں بین الاقوامی ہاکی کی واپسی اور قومی کھیل کے فروغ کے لیے ایک اہم موقع ہے۔
