فیلڈ مارشل سے لبنانی آرمی چیف کی ملاقات، دفاعی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

 

 

 

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لبنان کی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف جنرل روڈولف ہیکل نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں اہم ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق اور زور دیا گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہیکل کو جی ایچ کیو آمد پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور،خطے میں سلامتی کے فروغ،دفاعی تعاون اور دوطرفہ عسکری تعلقات بڑھانے کے پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط،تربیتی تعاون اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر توجہ دی گئی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے لبنان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کی اہمیت کو دوبارہ اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیاکہ پاک فوج لبنانی مسلح افواج کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے کےلیے پُرعزم ہے۔

افغانستان دہشت گرد تنظیموں کےلیے محفوظ پناہ گاہ ہے : پاکستان

لبنانی آرمی چیف جنرل روڈولف ہیکل نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عملی مہارت کو سراہا اور علاقائی امن،استحکام اور بین الاقوامی امن مشنز میں ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دورہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک کی افواج فوجی سطح پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کےلیے مشترکہ عزم رکھتی ہیں۔

 

Back to top button