اداکار ارجن کپور، اداکارہ ملائیکہ اروڑا شادی کرنے کیلئے تیار

لمبے عرصہ تک ایک دوسرے کے ساتھ قریبی تعلقات میں رہنے والے بھارتی اداکار ارجن کپور اور اداکارہ ملائیکہ اروڑا نے ایک دوسرے سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا اعلان کر دیا۔
بھارتی معروف اداکارہ، ڈانسر و ماڈل ملائیکہ اروڑا نے اداکار ارجن کپور سے شادی سے متعلق پہلی بار واضح بات کی ہے، اداکار سلمان خان کے بھائی ارباز خان کی سابقہ اہلیہ ملائیکہ اروڑا نے بھارتی میڈیا ’برائیڈز ٹوڈے‘ کو انٹرویو کے دوران اپنی دوسری شادی سے متعلق بتایا ہے۔
ملائیکہ اروڑا کا کہنا ہے کہ یقیناً میں شادی کے بارے میں سوچتی ہوں، لوگ سمجھتے ہیں کہ میں دوبارہ شادی کرنے سے گھبرا رہی ہوں مگر یہ سوچ حقیقت سے دور ہے، میں محبت اور شادی کرنے پر یقین رکھتی ہوں، میں بتا نہیں سکتی کہ میں دوبارہ شادی کب کر رہی ہوں کیونکہ یہ ایک سرپرائز ہوگا جوکہ میں خراب نہیں کرنا چاہتی۔
ملائیکہ اروڑا کا مزید کہنا تھا کہ میں زیادہ منصوبہ بندی نہیں کرتی، مسلسل منصوبہ بندی زندگی کی خوشی کو ختم کر دیتی ہے، مجھے لگتا ہے کہ ارجن اپنی عمر کے لحاظ سے بے حد عقلمند، گہرا اور مضبوط انسان ہے۔
بالی ووڈ سٹار نے ارجن سے متعلق مزید کہا کہ وہ آزاد خیال رکھنے والا انسان ہے، میں ارجن کے ساتھ ایک گھر بنانا اور اپنے تعلقات کو اگلے درجے تک لے جانا پسند کروں گی کیوںکہ مجھے لگتا ہے کہ اب ہم دونوں اس کے لیے تیار ہیں۔
واضح رہے کہ ارجن کپور اور ملائیکہ اروڑا گزشتہ کئی برس سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں، بھارتی میڈیا پر اکثر ہی دونوں کی شادی سے متعلق چہ مگوئیاں ہوتی رہتی ہیں، ارباز خان سے طلاق سے متعلق ملائکہ اروڑا نے کہا کہ جب میری طلاق ہوئی، مجھے کہا گیا کہ یہ ٹیگ تمہارے ساتھ ہمیشہ رہے گا، لیکن میرے خیال میں طلاق کے بعد محبت مل جانا ایک الگ چیز ہے، لوگوں نے خود سے چھوٹے شخص سے ڈیٹ کرنے پر بھی مجھ پر تنقید کی۔
اداکارہ نے کہا مجھے نہیں لگتا محبت کی کوئی عمر ہوتی ہے، کیوں شادی ہی سب کچھ ہوتی ہے؟ شادی ایک ایسی چیز ہے جس کا تذکرہ دو لوگوں کے درمیان ہی ہونا چاہئے، اگر ہمیں لگا کہ اب ہم شادی کے لیے تیار ہیں، تو کرلیں گے، فی الحال ہم دونوں اپنی اپنی زندگیوں اور اس مرحلے سے محظوظ ہو رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ارباز اور ملائکہ کی طلاق 2017 میں ہوئی تھی، جوڑے کی شادی 1998 میں ہوئی تھی اور دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔

بھارتی گلوکار بادشاہ شادی کی افواہیں پھیلانے والوں پر برس پڑے

Back to top button