مغربی افریقی ملک مالی کے وزیرِ دفاع باغیوں کے حملے میں جاں بحق

مغربی افریقی ملک مالی کے وزیرِ دفاع باغیوں کے حملے میں جاں بحق ہو گئے جبکہ دارالحکومت اور دیگر شہروں کے قریب فوج اور باغیوں کے درمیان لڑائی دوسرے روز بھی جاری ہے۔
وزیرِ دفاع ساديو كامارا اپنے گھر پر ہونے والے کار بم حملے میں جاں بحق ہوئے۔ ان کے ساتھ ان کی دوسری اہلیہ اور دو پوتے بھی جاں بحق ہوئے۔ یہ حملہ باماکو کے قریب فوجی حکومت کے گڑھ کاتی میں کیا گیا جس کی تصدیق اہلِ خانہ اور ایک سرکاری اہلکار نے کی۔
مربوط حملے طوارق باغیوں کے اتحاد ایف ایل اے اور شدت پسند گروہ جے این آئی ایم کی جانب سے کیے گئے جنہوں نے ملک کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا۔
طوارق باغیوں نے اعلان کیا ہے کہ ایک معاہدے کے تحت مالی کی فوج کی حمایت کرنے والی روسی افواج کو شمالی شہر کدال سے نکلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ باغیوں کا دعویٰ ہے کہ کدال شہر پر اب ان کا مکمل کنٹرول ہے۔
ایک طوارق عہدیدار نے بتایا کہ مالی کی افواج اور اس کے روسی اتحادیوں کو کیمپ نمبر 2 چھوڑنے کی اجازت دے دی گئی ہے جہاں وہ گزشتہ روز سے محصور تھے۔
