مولانافضل الرحمان نے ٹرمپ کومسلمانوں کا بڑادشمن قرار دیدیا

سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسلمانوں کے سب سے بڑے دشمن ہیں۔

ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےجے یو آئی کے امیر مولانافضل الرحمان  کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اگر وہ مسلمان ہوجائیں گے تو سب کہیں گے ہمارا بھائی ہے، قومیت کا نعرہ لگانے والے بھی خود کو لبرل کہتے ہیں۔

سربراہ جےیوآئی نےکہا کہ نامناسب سہولیات کےپیش نظر لوگ شہرچھوڑ رہے ہیں، سیاست انبیا کاوظیفہ ہے، اسے دینی اداروں کےحوالے کیوں کردیا گیا؟

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم 21ویں صدی میں جارہے ہیں، 19ویں سے لے کر 20ویں صدی کے وسط تک جب تک برصغیر کے مسلمانوں کی قیادت علمائے کرام کے ہاتھ میں تھی تو کوئی ایک مثال پیش کردیں جس میں دیوبندی بریلوی مسئلہ پیدا ہوا ہو، کوئی فساد ہو یا قوم آپس میں لڑی ہو، ان کی قیادت میں مکمل امن تھا اور امت جڑی ہوئی تھی۔

سربراہ جے یو آئی (ف)نے کہا کہ اس کے بعد سیاست جن لوگوں کےہاتھ میں آئی آج تک فتنہ و فساد اورخونریزی سے ہماری جان نہیں چھوٹی، ہم ہرمکتبہ فکر سے بات کرنے والے لوگ ہیں،قوم کو جوڑنےاورانسانیت کی بات کرتےہیں، پارلیمان میں تمام ممبران کو بڑی وضاحت سے کہا تھا کہ تمام مکاتب فکر اور امت مسلمہ کی نمائندگی کروں گا۔

فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ میں تمام ممبران کو کہا کہ مجھے کسی خاص فرقے کے حوالے سے اشارہ نہ کیا کرو میں پارلےمنٹ میں جو بات کروں گا تمام مکاتب فکر کی نمائندگی ہوگی اور امت مسلمہ کی نمائندگی ہوگی۔

دوسری جانب تحریک انصاف اورجے یوآئی کی راہیں جدا ہو گئیں ہیں۔جے یوآئی کاموقف ہےکہ تحریک انصاف نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کے وقت اعتماد میں نہیں لیا۔جبکہ تحریک انصاف والے کہتے ہیں کہ جے یوآئی حکومت اور اپوزیشن دونوں جانب قدم رکھ رہی ہے ہم بات کس سے کریں۔

Back to top button