میرا کی ماں بیٹی کو عتیق کے حوالے کرنے پر راضی

مسلسل تنازعات میں گھری رہنے والی اداکارہ میرا کی والدہ شفقت زہرہ نے عدالت سے کیس جیتنے والے عتیق الرحمان کو پیشکش کی ہے کہ وہ آئے اور اپنی دلہن میرا کو اپنے ساتھ گھر لے جائے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں اداکارہ میرا کی والدہ کا کہنا ہے کہ عدالت نے فیصلہ کیا ہے کہ میرا آج تک عتیق الرحمان کی بیوی ہے لہذا میں اس فیصلے کا احترام کرتی ہوں اور کہتی ہوں کہ عتیق الرحمن آئے اور اپنی دلہن میرا کو اپنے گھر لے جائے اور شرعی قوانین کے مطابق میرا کا جو نان نفقہ بنتا ہے وہ ادا کر دے۔ میں اس معاملے میں صلح کروانے میں بھی اپنا کردار ادا کروں گی۔

یاد رہے کہ لاہور کی سیشن کورٹ کی جانب سے فیصلہ سنایا گیا ہے کہ اداکارہ میرا کا نکاح درست تھا اور وہ عتیق الرحمان کی بیوی ہے۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے میرا کی تکذیب نکاح کی اپیل بھی مسترد کر دی تھی۔

واضح رہے کہ اداکارہ میرا نے فیملی کورٹ کی جانب سے خود کو عتیق کی بیوی قرار دینے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی جسے سیشن کورٹ نے بھی مسترد کر دیا ہے۔ عدالت نے 12 برس کی کاروائی کے بعد عتیق الرحمان کا یہ دعوی تسلیم کر لیا ہے کہ میرا اسکی منکوحہ ہے۔

میرا کی درخواست پر سیشن جج مظہر حسین نے 31 جنوری کو آخری سماعت کی، جس دوران دونوں فریقین کے وکلا نے دلائل دیے۔ سیشن کورٹ نے اپنے مختصر فیصلے میں میرا کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ وہ عتیق الرحمٰن کی ہی بیوی ہیں۔ یاد رہے کہ عتیق نے پہلی بار 2009 میں دعویٰ کیا تھا کہ میرا نے ان سے شادی کر رکھی ہے اور ان کی اہلیہ ہونے کے باوجود انہوں نے نکاح کے اوپر نکاح کرکے کپتان نوید سے شادی کی ہے۔

سوشل میڈیا صارف کی اداکارہ سبیکا امام کو قتل کی دھمکیاں

عتیق کی جانب سے نکاح کے اوپر نکاح کا دعویٰ کرنے کے بعد میرا نے جولائی 2009 میں تکذیب نکاح کی درخواست دائر کی تھی۔ اس کیس کی درجنوں سماعتیں ہوئیں، یہاں تک کہ عدالت نے عدم پیشی پر میرا کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے تھے۔ لاہور کی فیملی کورٹ نے تقریبا ایک دہائی بعد جون 2018 میں فیصلہ دیا تھا کہ میرا عتیق الرحمٰن کی ہی بیوی ہیں۔

فیملی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اداکارہ نے سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی تھی اور وہاں بھی تقریبا تین سال تک سماعتیں ہوئیں جنکے بعد عدالت نے 31 جنوری 2020 کو فیصلہ دیا کہ اداکارہ عتیق الرحمٰن کی ہی بیوی ہیں۔

ماضی میں میرا دعویٰ کرتی رہی ہیں کہ انہوں نے عتیق الرحمٰن سے شادی نہیں کی اور اس شخص کے ساتھ ان کی کھچوائی گئی تصاویر دراصل ایک ڈرامے کی شوٹنگ کا حصہ ہیں۔ تاہم عتیق الرحمٰن کے مطابق اداکارہ جن تصاویر کو ڈرامے کا حصہ قرار دیتی ہیں، دراصل وہ ان کی شادی کی تصاویر ہیں۔ تاہم میرا کی والدہ نے عتیق الرحمان کو یہ پیشکش کر دی ہے کہ وہ آئے اور اپنی دلہن کو گھر لیجائے۔

Back to top button