پنجاب کی نگران کابینہ میں شامل 8 وزرا کون ہیں؟

پنجاب کے نگراں وزیراعلٰی محسن رضا نقوی نے اپنی کابینہ کے آٹھ وزراء کو ان کے محکمے تفویض کر دئیے ہیں جس کے بعد ان وزرا نے کام کا آغاز بھی کر دیا ہے . آٹھ وزرا نے جمعرات کی شب حلف لیا تھا جس کے بعد نگراں وزیراعلٰی محسن رضا نقوی نے صوبائی نگران کیبنٹ کے وزراء کے محکموں کی منظوری دی ۔ سیکرٹری کیبنٹ ٹو چیف منسٹر کوآرڈنیشن رفاقت علی کے دستخطوں سے پورٹ فولیو دینے کا آرڈر 26جنوری 2023ء کو رات گئے جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے رولز آف بزنس مجریہ 2011ء کے تحت حاصل اختیارات کے تحت وزیراعلیٰ نے صوبائی نگران کیبنٹ کے 8 وزراء کے نام اور اُنکے محکموں اور وزارتوں کی منظوری دیدی ہے . اطلاعات اور ثقافت کے وزیر سینئیر صحافی عامر میر ہوں گے جو تین دھائیوں سے شعبه صحافت سے وابستہ ہیں .. عامر میر پاکستان کے نامور دانشور ، کالم نگار اور صحافت کے استاد پروفیسر وارث میر مرحوم کے منجھلے فرزند ہیں۔
انیس سو ستاسی میں والد کی وفات کے بعد عامر میر نے ایک انگریزی اخبار سے صحافت کا آغاز کیا .وہ دی نیوز اور دی نیشن سمیت کئی ملکی و بین الاقومی اخبارات اور جریدوں کے نمائندہ خصوصی رہے . وہ ایک انگریزی ھفت روزہ اور ایک قومی اردو اخبار ” روزنامہ دنیا ” کے بانی مدیر بھی رہ چکے ہیں . انہی کی سربراہی میں پاکستان کے ایک بڑے نیوز چینل کا آغاز بھی کیا گیا جس نے مختصر ترین عرصے میں مقبولیت حاصل کر لی . اپنی شاندار صحافتی کارکردگی پر انہیں اے پی این ایس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا . وہ متعدد مرتبہ لاھور پریس کلب کے سیکرٹری اور صدر بھی منتخب ہوۓ . صحافتی حلقوں میں انہیں جمہوریت ، آئینی اور انسانی حقوق کے ایک نمایاں حامی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
ڈاکٹر جاوید اکرم کو سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور میڈیکل ایجوکیشن کا محکمہ دیا گیا ہے وہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر اور علامہ اقبال میڈیکل کالج کی سربراہی کے انتظامی تجربے سمیت میڈیکل کے شعبے میں تعلیم اور تحقیق کا طویل تجربہ رکھتے ہیں ۔ ڈاکٹر جاوید اکرم ڈینگی اور کورونا کی روک تھام کے لیے بنائے گئے کمیشنز کا بھی حصہ رہے ہیں اور شعبه طب کی ایک جانی پہچانی شخصیت ہیں۔ نجی تعلیمی ادارے یو ایم ٹی کے صدر ابراہیم مراد نے بھی وزیر کے طور پر حلف اٹھایا ہے . ابراہیم مراد کو لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کا محکمہ دیا گیا ہے۔
اسی طرح دنیا میڈیا گروپ کے چیف ایگزیکٹیو میاں عامر محمود کے پنجاب گروپ آف کالجز میں بزنس پارٹنر بلال افضل کو کمیونی کیشن اینڈ ورکس‘ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن‘ نارکاٹکس کنٹرول کا محکمہ دیا گیا ہے، راولپنڈی سے کاروباری شخصیت اور سٹی لیبز کے مالک ڈاکٹر جمال ناصر کو بھی محسن نقوی نے اپنی کابینہ میں شامل کیا ہے ڈاکٹر جمال ناصر کو پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کا محکمہ دیا گیا ہے۔
منصور قادر کو ہائر ایجوکیشن اور سکولز ایجوکیشن کا محکمہ تفویض کیا گیا ہے۔سید اظفر علی ناصر کو اوقاف و مذہبی امور کے ساتھ ساتھ زکوٰۃ اور عشر کا محکمہ دیا گیا ہے، ایس ایم تنویر کو انرجی‘ انڈسٹریز‘ کامرس‘ انوسٹمنٹ‘ سکلز ڈیویلپمنٹ (آئی اینڈ ایس ڈی) کے محکمے دیئے گئے ہیں، وزیراعلٰی ہاؤس سے جاری وزرا کی فہرست میں کرکٹر اور فاسٹ باؤلر وہاب ریاض بھی شامل ہیں تاہم وہ اس وقت ملک سے باہر ہیں اس لیے وہ حلف نہیں اٹھا سکے۔
جمعرات کی رات گورنر ہاؤس میں نگراں وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی نے نگراں صوبائی وزرا کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ جبکہ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے نگراں وزرا سے حلف لیا۔اس موقع پر نگراں وزیراعلٰی محسن نقوی نے کہا کہ ’پنجاب کا نگراں سیٹ اپ مکمل طور پر غیرسیاسی اور غیر جانبدار ہے۔
’شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد نگراں سیٹ اپ کی ذمہ داری ہے۔ ہم یہ قومی ذمہ داری بطریق احسن نبھائیں گے۔انتخابات کا پرامن ماحول میں انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔
