سیلاب متاثرین میں 6 ارب روپے سے زائد تقسیم کیے جاچکے : مریم اورنگزیب

پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کو مالی معاونت کی فراہمی کےلیے 98 ہزار سے زائد اے ٹی ایم کارڈز تیار کیے گئے ہیں جب کہ وزیر اعلیٰ سیلاب بحالی پروگرام کے تحت صوبے بھر میں 6 ارب 39 کروڑ روپے متاثرین میں تقسیم کیے جاچکے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تحت 90 فیصد فلڈ اسسمنٹ سروے مکمل ہو گیا ہے،جس میں 5 لاکھ 69 ہزار سیلاب متاثرین کا ڈیٹا تیار کیا گیا۔ شفافیت کو یقینی بنانے کےلیے 4 لاکھ 63 ہزار متاثرین کے ڈیٹا کی ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے تصدیق کی گئی۔
صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ متاثرین کو مالی معاونت کی فراہمی کے لیے 98 ہزار سے زائد اے ٹی ایم کارڈز تیار کیے گئے ہیں، جب کہ 27 سیلاب زدہ اضلاع میں معاوضے کی ادائیگی کے لیے 37 کیمپ سائٹس قائم کی گئی ہیں۔ 20 اکتوبر سے 13 اضلاع میں امداد کی تقسیم کا عمل شروع ہوچکا ہے۔
سہیل آفریدی نے عمران خان کی ہدایت پرخیبرپختونخوا کابینہ کو حتمی شکل دیدی
مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ باقی اضلاع میں 3 نومبر سے امداد کی تقسیم شروع ہوگی۔کیمپ سائٹس پر متاثرین کو 50 ہزار روپے نقد اور اے ٹی ایم کارڈ فراہم کیے جا رہے ہیں، جب کہ ہر متاثرہ شخص پنجاب بینک کے اے ٹی ایم سے روزانہ 3 لاکھ روپے تک نکالنے کا مجاز ہوگا۔
