مصطفیٰ کمال نے قرض سے نجات کےلیے کمال کا نسخہ بتادیا

ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی مصطفیٰ کمال نے ملک کو قرضوں سے نجات دلانے کا نسخہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا قرضہ اتارنے کےلیے نواز شریف، آصف زرداری اور فضل الرحمٰن پہل کریں۔ نواز شریف رائے ونڈ، عمران خان بنی گالہ، آصف زرداری بلاول ہاؤس اور جرنیل 50 ، 50 کروڑ روپے عطیہ کریں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت بجٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا جو بجٹ پیش کرتے ہیں وہ اس کی تعریف کرتے ہیں، جو اپوزیشن میں ہوتے ہیں وہ بجٹ پر تنقید کرتے ہیں، ایوان میں موجود لوگ باری باری اپوزیشن اور حکومتی بینچز پر بیٹھ چکے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ہر بار ایک جیسا ہی بجٹ پیش کیا جاتا ہے، وفاقی بجٹ نارمل بجٹ ہے، بجٹ میں آدھا پیسہ آئی ایم ایف اور دیگر ممالک کا ہے، پاکستان میں معاشی ایمرجنسی نافذ کی جائے۔
پشاور ہائی کورٹ کا پی ٹی اے کو ٹک ٹاک سے قابل اعتراض ویڈیوز ہٹانے کا حکم
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ قوم اس وقت 78 ہزار ارب کی مقروض ہے، قرض اور سود کی مد میں 9 ہزار 775 ارب ادا کرنا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کا قرض اتارنے کےلیے نواز شریف اور آصف زرداری پہل کریں، رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ نواز شریف رائے ونڈ محل، عمران خان بنی گالہ اور آصف زرداری صاحب بلاول ہاؤس عطیہ کر دیں، جو لوگ یہاں موجود ہیں وہ اعلان کریں کہ 25 فیصد جائیدادیں پاکستان کو عطیہ کرتے ہیں، اراکین اسمبلی اپنی تنخواہ کا 25 فیصد ملک کےلیے عطیہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ریٹائرڈ فوجی افسران، حاضر سروس جرنیل 50، 50 کروڑ روپے پاکستان کو عطیہ کریں، ہم ایک ہزار ارب روپے اپنے پاس سے جمع کریں تو پاکستانی عوام 78 ہزار ارب روپے بھی ادا کردیں گے، بجٹ کے مطابق ایف بی آر 13 ہزار ارب ٹیکس اکٹھا کرے گا، جو منظرنامہ پیش کیا یہ نارمل نہیں غیر معمولی حالات ہیں، پیراسٹامول سے یہ کینسر ختم ہونے والا نہیں، سرجری کی ضرورت ہے۔
