سری لنکا کیخلاف سیریز کیلئےقومی ویمنزٹیم کا اعلان

پاکستان ویمنز سلیکشن کمیٹی نے سری لنکا کے خلاف آئندہ ون ڈے اور ٹی20 انٹرنیشنل سیریز کے لیے 15،15 رکنی سکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز 23 جولائی سے 4 اگست تک سری لنکا کے شہر ہمبنٹوٹا میں کھیلی جائے گی۔

ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت فاطمہ ثنا کریں گی، جبکہ ٹی 20 سیریز میں ان کی عدم موجودگی کے باعث منیبہ علی صدیقی کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

پاکستان ویمنز ون ڈے سکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، ماہم انیس، مومنہ ریاست، منیبہ علی صدیقی، ناجیہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شماس، سائرہ جبین، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، امِ ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

پاکستان ویمنز ٹی20 سکواڈ میں منیبہ علی صدیقی (کپتان)، عائشہ ظفر، ایمان نذیر، ایمن فاطمہ، حمنہ بلال، ماہم انیس، مومنہ ریاست، ناجیہ علوی، نشرہ سندھو، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، امِ ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

فاطمہ ثنا ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد انگلینڈ میں منعقد ہونے والی معروف فرنچائز لیگ ’دی ہنڈرڈ‘ میں شرکت کریں گی۔ وہ اس لیگ میں کھیلنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر بن چکی ہیں۔

فاطمہ ثنا نے حال ہی میں انگلینڈ اور ویلز میں منعقدہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ 85 رنز بھی سکور کیے، جن میں ایک نصف سینچری شامل تھی۔ عمدہ کھیل کی بدولت انہیں ٹورنامنٹ کی بہترین ٹیم میں بھی شامل کیا گیا۔

سلیکشن کمیٹی نے ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیم کے مقابلے میں ٹی20 سکواڈ میں 8 تبدیلیاں کی ہیں، جس کا مقصد ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں مواقع فراہم کرنا ہے۔

سری لنکا کے خلاف 3 ون ڈے میچز آئی سی سی ویمنز چیمپیئن شپ 29-2025 کا حصہ ہوں گے۔ ون ڈے اسکواڈ میں ماہم انیس اور سائرہ جبین 2 ایسی کھلاڑی ہیں جنہوں نے ابھی تک ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو نہیں کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کے میچ بالترتیب 23،25 اور 28 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔

پاکستان ویمنز ٹیم 20 جولائی کو سری لنکا پہنچے گی، جہاں 21 اور 22 جولائی کو کھلاڑی ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گی، جس کے بعد سیریز کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

 

Back to top button