نیشنل سیونگز سکیموں پر منافع کی شرح کم کردی گئی

حکومت نے عوام کے لیے ایک اور مالی فیصلہ کرتے ہوئے نیشنل سیونگز اسکیموں پر منافع کی شرح میں کمی کر دی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
نئی شرحوں کے مطابق بہبود سیونگز سرٹیفکیٹ، پینشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور شہداء فیملی ویلفیئر اکاؤنٹ پر سالانہ منافع 12.96 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق ریگولر انکم سرٹیفکیٹ پر ماہانہ منافع کی شرح کم کرکے 11.52 فیصد کر دی گئی ہے، جس کے تحت ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر سرمایہ کار کو اب ماہانہ 960 روپے منافع حاصل ہوگا۔
اسی طرح سپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ پر پہلے 6 ماہ کے لیے منافع کی شرح 11.2 فیصد جبکہ آخری 6 ماہ کے لیے 12.6 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نئی شرحوں کا اطلاق تمام متعلقہ اسکیموں پر مقررہ تاریخ سے ہوگا۔
ماہرین کے مطابق منافع کی شرح میں کمی سے ان افراد پر براہِ راست اثر پڑے گا جو اپنی بچت کا بڑا حصہ نیشنل سیونگز اسکیموں میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، خصوصاً بزرگ شہری، پنشنرز اور مستقل آمدن پر انحصار کرنے والے سرمایہ کار۔ دوسری جانب حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ فیصلہ موجودہ معاشی حالات اور شرحِ سود میں تبدیلی کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
