نواز شریف ملکی ترقی کے لیے پاکستان واپس آ رہے ہیں

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ نواز شریف کسی انتقام کی بجائے ملک کی ترقی کے لیے پاکستان واپس لوٹ رہے ہیں، ملک کو دوبارہ خوشحالی کی طرف لے جانے کیلئے قوم نواز شریف کا تاریخی استقبال کرے۔
لاہور میں جلسے کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف نے ملک سے اندھیرے ختم کیے، ملک کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی، نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی آفر ٹھکرا کر ایٹمی دھماکے کیے۔نواز شریف دور میں چینی 52 روپے کلو اور مہنگائی نام کی کوئی چیزنہیں تھی، نوازشریف کا جرم پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانا تھا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2018ء کے انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی ہوئی، عوام کو تعلیم، علاج سے محروم کر دیا گیا تھا، ترقی کا سفر جہاں روکا گیا وہیں سے شروع ہوگا۔سابق وزیراعظم کے مطابق عوام سے وعدہ لیا ہے کہ 21 اکتوبر کو نواز شریف کا تاریخ کا سب سے بڑا استقبال کریں گے، نواز شریف بھارت سے پاکستان کو آگے لے جانے کے لیے واپس آ رہا ہے۔
پی ایم ایل این کے صدر نے کہا کہ اچھی طرح علم ہے جن کرداروں نے نواز شریف کے خلاف ظلم و زیادتی کی، اب فیصلہ کرنا ہے کہ انتقام لینا ہے یا عوام کی خدمت کرنی ہے، نواز شریف انتقام لینے نہیں ملک کی ترقی کیلئے آ رہا ہے۔
