کرکٹ میں آئی سی سی کے نئےقوانین متعارف

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نےکرکٹ میں نئےقوانین متعارف کرادیئے۔ کرکٹ کی پلیئنگ کنڈیشنز میں کئی تبدیلیاں کر دی گئیں ہیں۔

آئی سی سی نے وائٹ بال فارمیٹس کے بعد اب ٹیسٹ کرکٹ میں بھی "اسٹاپ کلاک” کا اصول نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام سلو اوور ریٹ جیسے دیرینہ مسئلے سے نمٹنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

نئے قانون کے تحت اب فیلڈنگ سائیڈ کو ہر اوور کے اختتام کے بعد اگلا اوور ایک منٹ کے اندر شروع کرنا ہوگا۔ ایسا نہ کرنے پر امپائر پہلے دو بار وارننگ دے گا، جبکہ تیسری بار فیلڈنگ ٹیم پر 5 رنز کی پنالٹی عائد کی جائے گی۔

یہ قانون فوری طور پر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے نئے سائیکل میں لاگو کر دیا گیا ہے۔

قوانین میں ایک اور بڑی تبدیلی کے تحت اب جان بوجھ کر گیند پر تھوک لگانے کی صورت میں گیند تبدیل نہیں کی جائے گی، بلکہ اگر تھوک کی وجہ سے گیند کی ساخت متاثر ہوئی تو امپائر بیٹنگ سائیڈ کو 5 پنالٹی رنز دے سکتا ہے۔

نئے ضابطے کے تحت جان بوجھ کر شارٹ رن لینے پر بیٹنگ سائیڈ کو 5 رنز کی پنالٹی دی جائے گی، ساتھ ہی امپائر بولنگ ٹیم سے مشورہ کرے گا کہ اگلی گیند پر اسٹرائیک کس بیٹر کو دی جائے۔

آئی سی سی نے "فیئر کیچ” کے ریویو کے طریقہ کار میں بھی ترمیم کر دی ہے۔ اب اگر آن فیلڈ امپائر کو کیچ پر شک ہو تو تھرڈ امپائر نوبال کے ساتھ کیچ کو بھی چیک کرے گا۔اس سے قبل نوبال ثابت ہونے پر کیچ کا ریویو چھوڑ دیا جاتا تھا۔

نئے قوانین کے مطابق، نوبال پر اگر کیچ درست ہو تو بیٹنگ ٹیم کو صرف ایک رن ملے گا، لیکن اگر کیچ غلط ہو تو جتنے رنز بیٹنگ سائیڈ نے مکمل کیے ہوں، وہ ان کو دیے جائیں گے۔

Back to top button