سانحہ سیالکوٹ جیسے واقعات پر نئے قوانین بنانا ہونگے
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سانحہ سیالکوٹ جیسے واقعات کی روک تھام کے لیے نئے قوانین بنانا پڑیں گے ، وزارت قانون سے ایسے قوانین آنے چاہئیں کہ اس طرح کے مقدمات کے فیصلے جلد ممکن ہو سکیں۔
شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ سیالکوٹ دل دہلا دینے والا واقعہ ہے ، سری لنکن ہائی کمشنر کو یقین دلایا کہ مجرموں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔عسکری اور سول قیادت کے اجلاس میں قوانین پر سختی سے عملدرآمد کے حوالے سے غور و فکر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم کی جانب سے لانگ مارچ کی کال پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جہاں اپوزیشن نے 4 ماہ پہلے لانگ مارچ کی کال دی اور ویسے بھی23 مارچ افواج پاکستان کا عالمی دن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یومِ پاکستان کی پریڈ کے لیے تمام سامان حرب بذریعہ جی ٹی روڈ اسلام آباد پہنچتا ہے اور زیادہ تر کور ہیڈ کوارٹرز بھی جی ٹی روڈ پر ہیں، اس دوران اسلام آباد کے بعض راستے بند کر دیئے جاتے ہیں پھر اپوزیشن یہ اعتراض نہ کرے کہ ہمارے راستے بند کر دیئے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:ثاقب نثار اور رانا شمیم قائمہ کمیٹی میں طلب
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ساڑھے 3 سال بعد تاریخ دینے کا فیصلہ کیا اور وہ بھی غلط کیا، این اے-133 کے انتخابات میں دیکھ لیا شائستہ ملک نے صرف 10 فیصد ووٹس حاصل کیے ہیں۔
