نئے صوبے گورننس بہتر بنانے کیلئےانتظامی بنیاد پر بننے چاہییں: بیرسٹر عقیل

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما بیرسٹر عقیل نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بننے چاہییں تاکہ گورننس کو بہتر بنایا جا سکے۔
بیرسٹرعقیل کانجی ٹی وی سے گفتگو میں کہنا تھاکہ آبادی میں اضافہ ہوچکا ہے، حلقے بڑے ہوگئے ہیں، اس لیے سیاسی جماعتوں، تمام اسٹیک ہولڈرز اور عوام کو مل بیٹھ کر اس معاملے پر بات کرنی چاہیے کہ گورننس کو کس طرح بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، اس لیے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے عوام کی رائے انتہائی اہم ہے۔ ان کے بقول اس معاملے پر سیاستدانوں سے زیادہ عوامی سطح پر بحث ہونی چاہیے۔
بیرسٹر عقیل نے کہا کہ نظام ناکام نہیں ہوا، تاہم گورننس کے مسائل موجود ہیں جو آج کے نہیں بلکہ بہت عرصے سے چلے آرہے ہیں۔ وقت کے ساتھ سیاسی جماعتوں اور حکومتی نظام میں جس جدت اور اصلاحات کی ضرورت تھی، وہ نہیں آسکیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے جس جانب توجہ دلائی ہے، اس کا مقصد یہ ہے کہ وزیراعظم، حکومت اور کابینہ کے ارکان محنت کر رہے ہیں، اصلاحات پر کام جاری ہے، لیکن اگر نظام میں بہتری نہ لائی گئی تو گورننس کے مسائل برقرار رہیں گے۔
