ٹیکس چوری میں ملوث عناصر کومعافی نہیں ملےگی،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کاکہناہے کہ ٹیکس چوری میں ملوث افراد و کارباروں کا تعین کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تاجروں کے مسائل سننے اور حل کرنے کے لیے چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران کو خاص ہدایات جاری کی ہیں۔
ایف بی آر اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہوا، جس میں محصولات میں اضافے اور ادارہ جاتی اصلاحات پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مختلف شعبوں میں ٹیکس کی استعداد کے تخمینے کے لیے ایک جامع و سائنٹیفک طریقہ کار وضع کرکے پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاور سیکٹر کے ساتھ تعاون سے غیر رسمی معاشی سرگرمیوں اور ٹیکس چوری میں ملوث افراد و کارباروں کا تعین کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چینی کے پیداواری شعبے اور ایف بی آر کے اعداد و شمار میں ہم آہنگی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے نصب شدہ ٹریکنگ نظام فعال اور بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں چئیرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ ٹیکس نظام میں رہتے ہوئے تمام تر ضابطوں کی پابندی کرنے اور ٹیکس جمع کروانے والے افراد و کاروبار ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ اور لائق تحسین ہیں۔ حکومت نے ٹیکس کے حوالے سے برآمدی اور مقامی شعبے کو جس قدر ممکن ہوا سہولت فراہم کی اور آئندہ کے لیے بھی کرتی رہے گی۔

Back to top button