لاہور،رہنماپی ٹی آئی عبداللہ طارق نامعلوم افرادکی فائرنگ سے قتل

لاہور میں فائرنگ کے واقعے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبداللہ طارق کو قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت عبداللہ طارق کے نام سے ہوئی ہے، ذرائع کے مطابق دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے عبداللہ طارق پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گئے۔
واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول عبداللہ طاہر ریت کی ٹھیکداری کا کام کرتا تھا، گلبرگ میں یہ فزیو تھراپی کے لیے آیا تھا۔
پولیس نے کہا کہ موٹرسائیکل سواروں نے کلینک کے اندر آکر فائرنگ کر کے قتل کیا، مقتول کا چند ماہ پہلے اوکاڑہ میں لڑائی جھگڑ ا بھی ہوا تھا۔
پولیس نے کہا کہ مزید تفتیش جاری ہے، مقتول تحریک انصاف کی ٹکٹ پر اوکاڑہ سے ایم پی اے کا امیدوار تھا۔
لاہور میں تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر کے قتل کے واقعے کے بعد ڈی آئی جی آپریشن فیصل کامران نے جائے وقوع کا دورہ کیا۔
فیصل کامران نے بتایا کہ دو موٹر سائیکل سوار آئے جنہوں نے 4 گولیاں چلائیں، مقتول کا تعلق اوکاڑہ سے ہے، وہاں ان کی پرانی دشمنی ہے سات ماہ قبل بھی ان پر اوکاڑہ میں حملہ ہوا تھا، سی سی ٹی سی فوٹیج کے ذریعے قاتلوں کی نشاندہی ہوگئی ہے۔
فیصل کامران کے مطابق عبد اللہ طارق روٹین میڈیکل چیک کےلئے آئے تھے، ڈاکٹر کو بھی بازو میں گولی لگی جن کا علاج جاری ہے، حالت خطرے سے باہر ہے، مقتول عبداللہ طاہر ریت کا کاروبار کرتے تھے۔
فیصل کامران نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے شوٹرز کی کلوزسرکٹ فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں، چند ماہ قبل اوکاڑہ میں بھی عبداللہ طاہر پر قاتلانہ حملہ ہوا، دیرینہ دشمنی سمیت تمام پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔
