5 اگست تک ملک بھر میں شدید بارشوں کا خدشہ

این ڈی ایم اے نے 29 جولائی سے 5 اگست 2026 تک ملک بھر میں مون سون کے نئے سلسلے کا الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان، پنجاب اور سندھ میں وقفے وقفے سے بارشوں اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ متوقع بارشوں کے باعث بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔
پنجاب کے سرحدی نالوں، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کے پہاڑی برساتی نالوں میں اچانک سیلابی صورتحال جبکہ مختلف شہری علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان کے اضلاع ہنزہ، نگر، گلگت، غذر، تانگیر، داریل، دیامر، گانچھے، شگر، روندو، سکردو، استور اور گپس یاسین کے دریاؤں، ندی نالوں اور گلیشیائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافے کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، بنوں، لکی مروت، کرم، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک، ڈی آئی خان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کوہاٹ، کرک اور ہنگو کے مقامی ندی نالوں اور پہاڑی برساتی نالوں میں سیلابی ریلے متوقع ہے۔
آزاد جموں و کشمیر میں مظفر آباد، وادی نیلم، باغ، حویلی، پونچھ، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، ہٹیاں بالا اور میرپور کے دریاؤں اور ندی نالوں کے بہاؤ میں شدید اضافہ متوقع ہے۔
بلوچستان کے ضلع ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، ہرنائی، سبی، کوہلو، قلعہ سیف اللہ، پشین، کوئٹہ، مستونگ، جھل مگسی، نصیر آباد، آواران، لسبیلہ، قلات، خضدار اور دیگر برساتی نالوں میں اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
