نور بخاری نے سوشل میڈیا صارفین کی کلاس کیوں لی؟

اسلام کے لیے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی اداکارہ انعم فیاض پر سوشل میڈیا صارفین نے تنقیدی جملوں کی بھرمار کی تو اداکارہ نور بخاری نے ناقدین کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کھری کھری سنا دیں۔
نور بخاری نے کہا کہ اسلام کی خاطر شوبز چھوڑنے والی اداکارہ پر تنقید کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے، نور بخاری بھی ماضی کی مقبول اداکارہ ہیں اور انہوں نے درجنوں فلموں میں بولڈ کردار تک ادا کیے تھے لیکن وہ بھی گزشتہ کچھ سال سے مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزار رہی ہیں۔نور بخاری نے بھی چند سال پہلے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرکے دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا عہد کیا تھا اور اب وہ شوبز سے دور باپردہ زندگی گزارتی دکھائی دیتی ہیں،تاہم وہ سوشل میڈیا پر متحرک رہتی ہیں۔
نور بخاری کی طرح کچھ دن قبل اداکارہ انعم فیاض نے بھی شوبز چھوڑ کر دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا، جس پر بعض لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔لوگوں کی تنقید پر اگرچہ انعم فیاض نے کوئی جواب نہیں دیا، تاہم اداکارہ نور بخاری نے خاموشی توڑتے ہوئے تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیا ہے۔ نور بخاری نے انسٹاگرام اسٹوری میں ایک ویڈیو شیئر کی، اور ان سے سوال کیا کہ وہ خدا کے راستے پر چلنے والے افراد کی حوصلہ شکنی کے بجائے حوصلہ افزائی کیوں نہیں کرتے؟نور بخاری نے کہا کہ خدا جس کو چاہے ہدایت دے اور وہ لوگ خوش نصیب ہوتے ہیںِ جنہیں خدا ہدایت دے کر اچھے راستے پر چلنے کی توفیق عطا کرتے ہیں۔
یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ نور بخاری اور انعم فیاض کے علاوہ بھی متعدد شوبز شخصیات نے گزشتہ چند سال میں شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرکے دین اسلام کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا جن میں معروف اداکار حمزہ عباسی بھی شامل ہیں۔
