عمر عطا بندیال باضابطہ طور پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس مقرر

سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس عمر بندیال کو ملک کے چیف جسٹس کے عہدے پر تعینات کر دیا، صدر مملکت عارف علوی نے منظوری دی۔
جسٹس عمر بندیال یکم فروری کو چیف جسٹس جسٹس گلزار احمد کے عہدے سے رخصت ہونے کے بعد 2 فروری 2022 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
آرٹیکل 177 کے مطابق آرٹیکل 175 (3) کے تحت اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر نے عدالت عظمیٰ کے سینئر ترین جج جسٹس عمر عطا بندیال کو چیف کے عہدے پر تعینات کیا۔
17 جنوری 2022 کو جاری کردہ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ جسٹس عمر بندیال بطور چیف جسٹس 2 فروری 2022 سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے، ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد جسٹس عمر بندیال کی میز پر 51 ہزار 766 مقدمات فیصلے کے منتظر ہونگے، پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں اور ضلعی عدالتوں میں کم و بیش 21 لاکھ کیسز زیر التوا ہیں۔
منی بجٹ کے بعد 100روپے کے ری چارج پر بیلنس کتنا کم ہوا؟
چیف جسٹس عمر عطا بندیال 16 ستمبر 2023 تک عہدے پر خدمات انجام دیں گے جس کے بعد یہ عہدہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سنبھالیں گے، سنیارٹی سکیم کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی 25 اکتوبر 2024 تک چیف جسٹس رہیں گے جس کے بعد 282 ایام کے لیے جسٹس اعجازالاحسن عہدے پر تعینات ہوں گے، بعدازاں 4 اگست 2025 سے جسٹس منصور علی شاہ عہدہ سنبھالیں گے۔
جسٹس منصور علی شاہ 27 نومبر 2027 تک چیف جسٹس کی ذمہ داریاں انجام دیں گے اور 14 دسمبر 2028 تک ان کے جانشین جسٹس منیب اختر ہوں گے جس کے بعد 22 جنوری 2030 تک جسٹس یحیٰ خان آفریدی کو چیف جسٹس تعینات کیا جائے گا۔
