آپریشن شعبان: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی تازہ کارروائیاں، 9 دہشتگرد ہلاک

پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف مشترکہ آپریشن شعبان بھرپور انداز میں جاری ہے، مزید 9 خارجی دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

سکیورٹی فورسز نے دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور دور دراز راستوں میں چھپے دہشت گردوں کو فضائی اور زمینی کارروائیوں کے ذریعے نشانہ بنایا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 52 ہو چکی ہے، جبکہ 5 جولائی سے جاری آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 88 دہشت گرد مارے جا چکے ہیں۔

ذرائع نے واضح کیا کہ بلوچستان میں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن شعبان پوری شدت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

 

شہباز شریف کا ایرانی صدر سے رابطہ، علاقائی امن و استحکام کے قیام پر زور

علاوہ ازیں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بہادر فورسز نے دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم پر بوجھ ہیں اور ان کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔ امن دشمن عناصر کو ملک میں کہیں بھی پناہ نہیں ملے گی۔

Back to top button