نوشکی میں کارروائیاں، 12 دہشتگرد ہلاک، پاک فوج کا میجر شہید

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک اور بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں 12 دہشت گرد مارے گئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا میجر شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آرسے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی اور اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میانوالی سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ میجر حافظ احسان الٰہی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید میجر ایک بہادر افسر اور اپنے دستوں کی فرنٹ سے قیادت کر رہے تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، یہ خوارج سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

کارروائی کے حوالے سے بتایا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی ممکنہ بھارتی حمایت یافتہ خارجی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے، بہادر سپاہیوں کی یہ قربانیاں وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔

آئی ایس پی آر نے ایک اور بیان میں بتایا کہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا جہاں فتنۃ الہندوستان کے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے اور  خودکش بمبار بھی مارا گیا۔

بیان کے مطابق  سیکیورٹی فورسز نے 30 اور 31 جولائی کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع نوشکی میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہلاک دہشت گردوں میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا تاہم کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی کمین گاہ کی نشان دہی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری اور انتہائی مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تمام سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

 

Back to top button