ہزارہ میں بلدیاتی انتخابات عیدالفطر تک مؤخر کرنے کا حکم

پشاور ہائیکورٹ نے برفباری کے پیش نظر ہزارہ ڈویژن کے 5 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا شیڈول کالعدم قرار دیدیا، تورغر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور کوہستان میں 27 مارچ کی بجائے عیدالفطر کے بعد انتخابات کرانے کی ہدایت کی گئی۔
26 جنوری کو ابراہیم خان اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل بینچ کے پاس دائر 5 ایک جیسی درخواستوں پر فیصلہ جاری کیا گیا، درخواست گزاروں میں سابق تحصیل ناظم حاجی محمد خان، کوہستان کے علاقے دوبیر کے ملک اورنگزیب، کولائی پلاس تحصیل کے محمد اقبال اور دیگر شامل تھے۔
خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 27 مارچ کو ہوگا، ان اضلاع میں ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، اپر اور لوئر کوہستان، کولائی پلاس، کوہستان، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، لوئر دیر، لوئر اور اپر چترال، کرم، اورکزئی، شمالی اور جنوبی وزیرستان شامل تھے۔
19 دسمبر 2021 کو پہلے مرحلے میں 17 اضلاع میں انتخابات ہوئے تھے، جن میں بونیر، باجوڑ، صوابی، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، ٹانک، ہری پور، خیبر، مہمند، چارسدہ، ہنگو اور لکی مروت شامل ہیں۔
وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی بنانے کا بل سینیٹ میں پیش
درخواست گزاروں کے وکیل ناصر اسلم نے بتایا کہ یہ درخواستیں آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت دائر کی گئیں، جن میں چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان، صوبائی چیف سیکرٹری، سیکرٹری کوآرڈینیشن یونٹ، لوکل گورنمنٹ الیکشن اور دیہی ترقی حکومت کے محکمے کو فریق بنایا گیا تھا۔
ریٹرننگ افسران 14 فروری سے 16 فروری تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے جبکہ کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 17 سے 19 فروری تک دائر کی جائیں گی، اُمیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جانے کی حتمی فہرست 28 فروری کو جاری کی جائے گی۔
